چاند گاڑیوں کے اژدھام سے بد ترین ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) چاند گاڑیوں کے اژدھام سے بد ترین ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، ٹریفک وارڈنزڈیوٹی دینے کی بجائے اڈا مالکان سے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرنے کے بعد محو استراحت ہوگئے یوں شہروزیرآبادکے مصروف ترین تمام چوک مچھلی منڈی کا سماں پیدا کر رہے ہیں واضع ہوکہ شہر میں بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے کاروباری طبقہ اور پیدل چلنے والے افراد بے حال ہوگئے ہیں وزیرآباد کے عوامی سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب،سی ٹی او گوجرانوالہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر وزیرآباد میں تعینات ٹریفک وارڈنزکی چشم پوشی اور نااہلی کی وجہ سے شہر وزیرآباد کے مصروف ترین اللہ والا چوک،احمد نگر چوک،کچہری چوک،غیر قانونی رکشہ اسٹینڈنزد ریلوے پل پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سے دوردراز جانے والے مسافر،کاروباری حضرات اور مقامی افراد کی زندگیاں اجیرن بن کر رہ گئی ہیں مذکورہ مصروف چوکوں میں متعلقہ ٹریفک وارڈنز کی چشم پوشی اور نالائقی کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول کی بات بن گئی ہے سرکل ٹریفک انچارج اور وارڈنز کی فوج ظفر موج اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کی بجائے مختلف پوائنٹس پر محو استراحت رہتے ہیں اور مبینہ طور پر کرپشن کا بازار گرم کرتے ہوئے مختلف اڈا اسٹینڈ مالکان سے بھاری مقدار میں رشوت اکٹھی کی جارہی ہے یوں ٹریفک وارڈنز کے لئے شہر وزیرآباد کسی یورپ سے کم نہیں ہے۔حکومت پنجاب نے وارڈنز کی تعیناتی اور اس سلسلے میں ماہانہ پر کشش تنخواہ مقرر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض،دیانتداری،ایمانداری سے ادا کریں گے مگر مذکورہ اہلکار کرپشن کی بہتی گنگا میں خوب مگن ہوکر نذرانے وصول کرنے میں مصروف ہیں۔شہروزیرآباد کے عوامی سماجی حلقوں اور دوردراز جانے والے مسافرحضرات اور کاروباری طبقہ نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب،سی ٹی او گوجرانوالہ،پر زور دیا ہے کہ کرپٹ وارڈنز کے خلاف سخت ایکشن لے کر ان کو فوری تبدیل کرکے ان کی جگہ پر نیک فرض شناس سرکل آفیسرزاور ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا جائے تاکہ شہر وزیرآباد کے ساتھ ساتھ دوردراز جانے والے مسافر وں کو ٹریفک جام سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں