انتخابی دنگل میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواران کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کے لیے پولیس انتظامیہ تمام تر حربے استعمال کر رہی ہے

Spread the love

وزیرآباد:(نامہ نگار) ملک بھر میں صرف دو روز بعد 8 فروری کو انتخابات کا میدان سجنے والا ہے لیکن اس انتخابی دنگل میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواران کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کے لیے پولیس انتظامیہ تمام تر حربے استعمال کر رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے، پی ٹی آئی کے امیدواران اور کارکنان کو مختلف حیلوں بہانوں سے تنگ کیا جا رہا ہے، رات کی تاریکی میں کارکنان کے گھروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ انہیں گرفتار کر کے ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے بینرز، فلیکسز اور اشتہارات کو بھی اتارا جا رہا ہے، وزیرآباد کے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں میں بھی ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے امیدواران بھرپور انداز میں شاہانہ طریقے سے انتخابی مہم چلاتے نظر آ رہے ہیں جبکہ ملک بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، علی پور چٹھہ میں گزشتہ روز محلہ حیدرآباد میں ایک انتخابی ریلی میں سرعام کلاشنکوف سے ہوائی فائرنگ کی گئی لیکن انتظامیہ حرکت میں نہ آئی، اس وقت تینوں حلقوں میں بظاہر مقابلے کی فضا ماند پڑی ہے کیونکہ ان حلقوں میں انتخابی مہم اور انتخابات کے روز اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے امیدواران کے درمیان ہونا تھا، تاہم اب یہ مقابلہ یک طرفہ ہوتا نظر آ رہا ہے، احمدنگر چٹھہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مایہ ناز بزرگ سیاستدان چوہدری حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے چوہدری محمد احمد چٹھہ بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 36 کے امیدوار ہیں جن پر 9 مئی کے واقعات کے 25 نامزد مقدمات درج ہیں، وہ انتخابی امیدوار ہونے کے باوجود پولیس کو مطلوب ہونے کی وجہ سے روپوش ہیں جبکہ حلقہ میں ان کی انتخابی مہم نہ ہونے کے برابر ہے، پی ٹی آئی کے کچھ کارکنان ان کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے نظر تو آتے ہیں لیکن بعد میں ان کے گھروں میں پولیس کی جانب سے چھاپے مار کر ان کو شدید حراساں کیا جاتا ہے، حامد ناصر چٹھہ بھی چھپ چھپا کر اپنے پرانے ساتھیوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ محمد احمد چٹھہ کی کمسن بیٹی اپنی والدہ عین چٹھہ اور پھوپھی کے ہمراہ اپنے والد کی انتخابی مہم میں روح پھونکنے کی کوشش کر رہی ہیں وہ گلیوں، محلوں اور بازاروں میں اپنے والد کے لیے ووٹ مانگ رہی ہیں، اسی طرح پی پی 35 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار چوہدری محمد یوسف کو ان کے دو بیٹوں اور برادر نسبتی کے ہمراہ 27 جنوری کو گوجرانوالہ سے 9 مئی کے واقعات میں ان پر درج مقدمات کے باعث گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے پولیس کی تحویل میں چوہدری محمد یوسف نے حلقہ پی پی 35 سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جسے ان کے بیٹے اور وکیل نے یکسر مسترد کر دیا ہے، چوہدری محمد یوسف کے بیٹے محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ان کے والد بدستور انتخابی عمل کا حصہ ہیں اور وہ حلقہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ہیں، حالیہ انتخابات میں جس طرح سیاسی استحصال دیکھنے میں آیا ہے اس کی نظیر تاریخ میں نظر نہیں آتی، پولیس گردی اور ظلم و زیادتیوں کے باوجود پی ٹی آئی کے ووٹ بنک اور مقبولیت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، نوجوان پی ٹی آئی کے سلوگن “ظلم کا بدلہ ووٹ سے” لینے کے لیے پرجوش نظر آ رہے ہیں، بظاہر یک طرفہ دکھنے والا الیکشن 8 فروری کو اک نئی تاریخ رقم کرتا نظر آ رہا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں