وزیرآباد(نامہ نگار) بدانتظامی و نااہلی کا امتزاج ، سول ہسپتال عملے سے خالی۔ ڈاکٹروں ، سینئر سرجنز، گائناکالوجسٹ، نرسنگ و دیگر سٹاف کی الیکشن ڈیوٹی لگا دی گئی۔ صورت حال کا اندازہ ہونے پر قرب و جوار کے دس طبی مراکز سے ڈاکٹر تین دن کے لیے سول ہسپتال طلب۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں سرجنز اور سینئر ڈاکٹر کی موجودگی کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ شہری حلقے
تفصیلات کے مطابق جنرل الیکشن کے لیے سول ہسپتال کے زیادہ تر عملے کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔ سینئر سرجن ، گائناکالوجسٹ ، میڈیکل آفیسرز ، نرسز اور دیگر سٹاف کی ڈیوٹی لگاتے ہوئے ہسپتال کے انتظامی معاملات اور نظام کو یکسر نظر انداز کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ الیکشن کے دوران دو روز کے لیے قرب و جوار کے طبی مراکز جن میں رانا تلواڑہ چک سنتہ کوٹ خضری، ہیرانوالا بھوما باٹھ، کٹھور، اوجلہ کلاں، کوٹلی ساہیاں، عادل گڑھ اور کوٹ ہرا شامل ہیں سے ڈاکٹر کو ایمرجنسی ڈیوٹی کیلئے مؤرخہ سات فروری سے 9 فروری تک طلب کیا گیا ہے۔ شہری حلقوں نے محکمہ صحت کی جانب سے عجیب و غریب انتظامی تیاریوں پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انجمن تحفظ حقوق عوام کے صدر افتخار بٹ، شہباز بخاری و دیگر نے کہا کہ خدانخواستہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سینیئر ڈاکٹروں اور عملے کی موجودگی کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے اور اعلی حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے
