نوسر باز گروہ نے زندگی بھر کی تمام جمع پونجی سے محروم کر دیا

Spread the love

وزیرآباد (نامہ نگار) نوسر باز گروہ نے میرے بیٹے کو گارنٹی کے پیسے رکھوانے کا جھانسہ دیکر دھوکہ دہی اور فراڈ سے چیکوں پر دستخط کروا کر بلیک میل کرنا شروع کر دیا ہے، ہمیں سیمنٹ، سریا کے کاروبار، قیمتی مکان اور زندگی بھر کی تمام جمع پونجی سے محروم کر دیا گیا، ہم کرایہ کے مکان میں دربدر ذلیل ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں، خاتون کی آئی جی پنجاب، ایف آئی اے حکام اور دیگر ادارے اشک بار آنکھوں سے داد رسی کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے نواحی علاقہ کوٹ غلام رسول کی رہائشی عابدہ بی بی نے اپنے بیٹے نبیل فیاض اور خاوند محمد فیاض کے ہمراہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے بیٹے اور خاوند نے ڈسکہ روڈ پر سیمنٹ، سریا، بجری کی دکان بنا رکھی تھی کہ تقریبا ڈیڑھ سال قبل حاجی احسان اللہ چیمہ، محمد صابر، مولوی اللہ دتہ وغیرہ جوکہ آتے جاتے ہوئے دکان پر رک جاتے اور آپس میں تعلقات استوار کر لئے انہوں نے کہا کہ ہم بندے بیرون ممالک بھیجتے ہیں جس کے لئے ہم پارٹیوں سے ایڈوانس پیمنٹ لیتے ہیں، ان گارنٹی کے پیسوں کو تم معاہدہ پورا ہونے تک اپنے کاروبار میں استعمال کر لیا کرنا، اس طرح انہوں نے ڈیڑھ سال کے دوران 68 لاکھ روپے ہمارے پاس امانتا گارنٹی کے طور پر رکھوائے جس کے عوض انہوں نے ہم سے 7 دستخط شدہ خالی چیک اپنے پاس رکھ لیے، اور میرے بیٹے کو یورپ بھجوانے کا بھی وعدہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ جوں جوں آپ سے پیسے لیں گے، چیک واپس کرتے جائیں گے۔ بعدازاں انہوں نے اکاؤنٹ دیا کہ گارنٹی کے رکھے 68 لاکھ روپے کی پیمنٹ لگوا دو ہمارے چیکوں کی واپسی پر انہوں نے جلد واپس کرنے کا وعدہ کیا۔ جبکہ بعدازاں مذکوران نے انہی چیکوں کو بنیاد بنا کر ہمارے خلاف جھوٹ پر مبنی من گھڑت مقدمات اور تھانوں میں کاروائیاں کروانے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے بلیک میل کرنا شروع کر دیا ہے اور ساتھ خطرناک نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں، نبیل فیاض نے مزید بتایا کہ مذکورہ گروہ کی زیادتی کی وجہ سے میں 7 ماہ جیل میں قید رہا، کینسر کی مریضہ میری ماں کو حراساں کرکے مکان اونے پونے داموں فروخت کروا کر پیسے ہڑپ کر لئے گئے، گھر میں پڑا زیور چھین لیا گیا، اور دکان پر موجود تمام میٹریل کا سامان تک بیچ کر مذکوران کو پیسے ادا کرتے اور مقدمات پر خرچ کرتے رہے، متاثرین کا اعلی حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حاجی احسان اللہ وغیرہ نے ہمارے ساتھ دھوکہ، فراڈ اور جعسازی کرتے ہوئے بڑا نقصان پہنچایا ہے، اور اب ہمارے خاندان کی جان کے دشمن بن گئے ہیں، ہمیں ان کے چنگل سے آزادی دلاتے ہوئے ہمارا لوٹا ہوا تمام مال اسباب واپس کروایا جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں