وزیرآباد(نا مہ نگار) آج اس اسلامی معاشرے کی جھلک مسلم ہینڈزانٹرنیشنل کیمپلیکس میں دیکھی کہ مستحق کنبوں کے بچوں کوترقی یافتہ ممالک کے معیارکے مطابق مفت تعلیم اوررہائشی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، چیئرمین مسلم ہینڈزانٹر نیشنل صاحبزادہ سید لخت حسنین کی کاوشوں سے مسلم ہینڈزایک تناوردرخت بن گئی ہے جسکی شاخیں سوہدرہ جیسے قصبہ سے نکل کردنیا بھرمیں پھیل گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسلم ہینڈز انٹر نیشنل کے زیر اہتمام ٹیکنیکل کالج کے وزٹ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر چیئرمین سید لخت حسنین،پراجیکٹ مینجر امجد محمود صدیقی،مظفر اقبال چشتی ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز کے منصوبہ جات اور خدمت انسانیت کے حوالہ سے ان کا کردار لائق تحسین ہے، اس دور میں سفید پوش افراد کے لیے مسلم ہینڈز جیسے ادارہ جات روشنی کی کرن ہیں جو ان کو زندگی میں درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے سر بکف ہیں،مسلم ہینڈز کی تعریف و توصیف کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ کوئی بھی فلاحی منصوبہ کہیں بھی ہو مسلم ہینڈز پاکستان کی نمائندگی میں ہمیشہ صف اول میں کھڑا نظر آئے گا۔صاحبزادہ سید لخت حسنین نے کہا کہ ہمارا مقصد انسانیت کی خدمت اور فلاح کے لیے اپنی خدمات کو پیش کرنا ہے مسلم ہینڈز دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت کا حامل ادارہ ہے مسلم ہینڈز نے سینکڑوں فلاحی منصوبہ جات کی بنیاد رکھی اور آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مستحقین کی مدد کے لیے مسلم ہینڈز اور اس کے معاونین اپنی خدمات جاری رکھے ہوے ہیں نیو بوائز کالج سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ایک بہترین ادارہ ہو گا جس میں 80 فی صد سے زائد ضرورت مند اور غریب طلباء تعلیمی سفر جاری رکھیں گے۔
