کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پودے انسانی بقاء میں اہم کردار کے حامل ہیں

Spread the love


چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف ساہیوال
ساہیوال : کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پودے انسانی بقاء میں اہم کردار کے حامل ہیں جن کی حفاظت اور آب یاری معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ہی ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ جیسے مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر فریدیہ پارک میں پی ایچ اے کے زیر انتظام منعقدہ پودے لگانے کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملک محمد اکرام، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے اللہ یار بھٹی اور مقامی سکولوں سٹی سکول، قائد اعظم سکول، کمپری ہنسو سکول، امل سکول اور ایجوکیٹرکے طلبہ و طالبات نے شرکت کی جنہوں نے پارک میں جامن، بیری، زیتون اور دوسری مقامی اقسام کے سینکڑوں پودے لگائے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز گرین پنجاب کے وژن پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور ان کی ہدایت پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ہر شہری پودا لگارہاہے تاکہ ملک سے درختوں کی کمی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ سکولوں میں اپنا اپنا ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کی دیکھ بھال بھی کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملک محمد اکرام نے بتایا کہ پی ایچ اے شہر میں پھل دار درخت اور پھول دار پودے لگانے کی خصوصی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ساہیوال کو زیادہ خوبصورت بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس اہم مہم میں سرکاری و نجی سکولوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے سکول سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں ہر بچے سے پودے لگوائیں تاکہ انہیں درختوں کی اہمیت سے آگہی بھی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں