یوم پاکستان کے موقع پر ویسٹ منسٹر ایبی کی چھت پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا گیا۔
لندن عارف چودھری
روایت کے مطابق ویسٹ منسٹر ایبی نے آج یوم پاکستان کے موقع پر ایک خصوصی دعائیہ تقریب (ایون سونگ) کا اہتمام کیا۔ ایون سونگ کو خصوصی کوائر(Choir) نے سر انجام دیا۔
پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان جاری دوستی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب میں ہائی کمیشن کے حکام کے علاوہ برطانوی شہریوں اور چرچ جانے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع کی خاص بات یہ تھی کہ ویسٹ منسٹر ایبی کے نارتھ ٹاور پر پورا دن پاکستان کا جھنڈا لہراتا رہا۔ یہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا جو دنیا بھر سے ہر روز اس مشہور چرچ کے گرد جمع ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ ہر سال ویسٹ منسٹر ایبی ہائی کمیشن کو یوم پاکستان پر خصوصی تقریب میں مدعو کرتا ہے اور پاکستان کے لیے خصوصی دعایئا سروس کا اہتمام ہوتا ہے۔
ویسٹ منسٹر ایبی ایک شاہی چرچ ہے جو سب کے لیے روزانہ سروسز پیش کرتا ہے اور ایک ہزار سال سے زیادہ کی تاریخ کے ساتھ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔ ہر سال 10 لاکھ سے زائد سیاح یہاں آتے ہیں اور اس کی روزانہ کی سروسز میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔
