خیبر سے (امان علی شینواری)
وزیر اعلیٰ قبائلی اضلاع میں بجلی بحران سمیت دیگر سنگین مسائل پر جرگہ بلائیں، بجلی بحران پر قبائلی عوام یک آواز ہو جائیں، انضمام کے ثمرات نہیں ملے ، قبائلی عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں، احتجاج اور دھرنوں کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے، ایوانوں اور میدانوں میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، سرکار کا رویہ قبائل دشمنی پر مبنی ہے،لنڈی کوتل پریس کلب ڈسٹرکٹ خیبر میں تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری و دیگر شرکاء کا میٹ دی پریس سے خطاب
میٹ دی پریس پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے ضرب اللہ عرف حاجی بابا، پاکستان پیپلز پارٹی کے شاہ رحمان شینواری، خدائی خدمتگار ضلع خیبر کے سالار فضل الرحمان آفریدی کے علاوہ بلدیاتی نمائندگان نوید شینواری، سعید خان، نازک شاہ، حاجی خان، عطاء اللہ آفریدی و دیگر نے شرکت کی
میٹ دی پریس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے ضرب اللہ شینواری نےکہا کہ حکومت بجلی کے حوالے سے قبائلی عوام کیساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں دو گھنٹے بجلی منظور نہیں احتجاج کرینگے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء شاہ رحمان شینواری نے کہا کہ بجلی بحران پر سنجیدگی اختیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ بجلی خیبرپختونخوا ضرورت سے زیادہ پیدا کرتا ہے آئی پی پیز جیسی کمپنیوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوگئی ہمارا صوبہ سستی اور صاف بجلی پیدا کرتا ہے تیل،گیس، بجلی اور تمباکو ہماری پیداوار ہیں لیکن ہم محروم ہیں صوبے نے اپنا خالص منافع بھی حاصل نہیں کیا ہے سیاست سے بالاتر ہوکر وسائل اور حقوق کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے آل پارٹیز کانفرنس کی جائے تاکہ ان مسائل کا حل نکال سکیں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قبائلی عوام متاثر ہوئے صحت اور تعلیم کے بھی مسائل ہیں. میٹ دی پریس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی کونسل ممبر و ضلع خیبر خدائی خدمتگار تنظیم کے سالار فضل الرحمان آفریدی نے کہا کہ قبائل گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں اور مسائل بڑھ رہے ہیں اپنی کمزوریوں کا بھی جائزہ لینا چاہئے ملک میں اشرافیہ کا نظام چل رہا ہے پہلے قوم جرگے کرتی تھی اور متحدہ آواز اٹھاتی تھی اب تو نوجوان اور تعلیم یافتہ لوگ بکتے ہیں پہلے لوڈشیڈنگ نہیں ہوا کرتی تھی اب دو گھنٹے کے لئے بھی بجلی میسر نہیں اب تو چادر اور چاردیواری محفوظ نہیں غریب کی فریاد کوئی نہیں سنتا ہمارے نمائندے ایوانوں میں احتجاج کریں خودغرضی کے خول سے باہر نکلنا ہوگا ہم نے کبھی اپنے سابق اور موجودہ نمائندوں سے نہیں پوچھا کہ ہمارے لئے انہوں نے کونسے کام کئے ہیں سیاسی جماعتیں متحد ہوئیں تو بجلی کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے قومی تڑون اور اتفاق کی ضرورت ہے ہماری سرحد پر کاروبار پر بندش ہے کوئی آزادی نہیں اس لئے لوگوں کی غربت بڑھ رہی ہیں مافیاز کا راج ہے ہجرت پر مجبور ہوگئے ہیں منتخب نمائندے نااہل ہیں منتخب نمائندوں کا سوشل بائیکاٹ تب تک کرنا چاہئے جب تک وہ مسائل حل نہ کریں ہمیں بجلی نہیں دی جاتی تو کسی کو نہیں ملنی چاہئے. اس موقع پر تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری نے کہا کہ بجلی بحران میں شدت تشویشناک ہے بجلی سمیت کئی بڑے مسائل سے دوچار ہیں ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی دکھائی نہیں دیتی ایوانوں اور میدانوں میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے وزیر اعلٰی قبائلی علاقوں کا نمائندہ جرگہ طلب کریں اور اس جرگے کی قیادت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کریں بجلی کے متبادل ذرائع پر کام کرنا چاہئے شاہ خالد شینواری نے کہا کہ متحد ہوکر حقوق کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے روزگار اور امن و امان خراب ہیں ترقیاتی کام نہیں ہورہے 24 ارب کا پرانا بجٹ بھی ترقیاتی کاموں کے لئے نہیں مل رہا انضمام کے بعد این ایف سی ایوارڈ میں کوئی حصہ نہیں ملا انضمام کے بعد مسائل کم نہیں بڑھے ہیں حکمرانوں کا رویہ قبائل کیساتھ دشمنی پر مبنی ہے ظالموں کے خلاف متحد ہوکر اٹھنا ہوگا امن و امان کی صورتحال پھر خراب ہوگئی سرکار کا رویہ درست نہیں اس لئے ہم سب کو متحد ہونا چاہئے اور ان مسائل کو حل کرنے میں تمام سیاسی پارٹیوں کا کردار ادا کرنا وقت کی ضرورت ہے
