ڈاکٹر طارق مرزا ایک مشہور و معروف ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک معروف سماجی شخصیت بھی تھے

Spread the love


جہلم(اختر شاہ عارف) “ڈاکٹر طارق مرزا” ایک مشہور ڈاکٹر ہی نہیں بلکہ ایک معروف سماجی کارکن بھی تھے۔یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ جہلم میں سماجی خدمات کو ڈاکٹر طارق مرزا اور ان کے خاندان نے ہی متعارف کرایا۔”
ان خیالات کا اظہار جہلم کی معروف شخصیات نےآج المرکزجہلم میں ڈاکٹر محمد طارق مرزا مرحوم کی یاد میں ہونے والے تعزیتی اجلاس میں کیا۔یہ تعزیتی اجلاس المرکز کونسل،سی ڈی سی،ایم سی ڈبلیو اے اور ڈیف ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ المرکزجہلم کے تعاون سے الحقیق ہال المرکزجہلم میں منعقد کیا گیا۔اس اجلاس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض میجر(ر)زرغون گل خان اور شاہد جلیل سیٹھی نے سر انجام دیئے ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ نے حاصل کی۔جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کیا۔اس کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد پروفیسر (ر) قدرت علی سیالوی نے ڈاکٹر محمد طارق مرزا مرحوم سمیت تمام مرحومین بالخصوص ادارے کے مرحومین کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیئے فاتحہ خوانی اور تمام بیماروں کی صحت یابی کیلئے اجتماعی طور پر دعا کرائی۔میجر(ر) زرغون گل خان نے ڈاکٹر طارق مرزا مرحوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی رحلت کو ایک عظیم نقصان قرار دیا۔ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ نے ڈاکٹر محمد طارق مرزا مرحوم کی مختصراً سوانح حیات بیان کی۔ڈاکٹر طارق مرزا مرحوم کے بیٹے ڈاکٹر عمیر طارق مرزا اور ڈاکٹر مرحوم کے احباب بابا جی عرفان الحق، ڈاکٹر عبد الشکور ملک،محمد غیاث بلبن،ارشد لال دین،ڈاکٹر عبدالغفور ملک،پروفیسر سعید احمد فارانی،عبدالغفور چوہان چئیر مین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس جہلم،محمد احمد جمیل،محمد عمر بٹ اور دیگر معروف سماجی شخصیات نے ڈاکٹر طارق مرزا مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم بہترین اوصاف کے مالک تھے۔خدمت خلق کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ان کے آباؤاجداد جب پاکستان بننے کے بعد ہجرت کر کے پاکستان آئے۔تو انہوں نےشاندار چوک جہلم میں جہاں مرزا ہسپتال کی بنیاد رکھی۔وہاں سماجی خدمات کا بھی آغاز کیا۔جس کا منہ بولتا ثبوت المرکزجہلم جہلم ہے۔جہاں المرکز کونسل اور اس کی ذیلی تنظیمیں سی ڈی سی رجسٹرڈ،ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ اور ڈیف ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ مختلف قسم کے فلاحی منصوبہ جات پر کام کر رہی ہیں۔ڈاکٹر شہزانہ امتیاز جو اپنی ناگزیر وجوہات کی بنا پر اس پروگرام میں شرکت نہیں کر پائی تھیں۔انہوں نے اپنے ریکارڈ شدہ پیغام میں ڈاکٹر طارق مرزا مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مرحوم انتہائی ملنسار اور ایک دردمند انسان تھے ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے۔وہ پورا کرنے کے لیئے شاید ایک عرصہ لگے گا۔آج کے اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی ملک کی مشہور روحانی شخصیت بابا جی عرفان الحق تھے۔جبکہ مہمانِ اعزاز ڈاکٹر عبد الشکور ملک اور محمد غیاث بلبن تھے۔اس پروگرام میں جہلم کی مشہور سماجی تنظیموں کے عہدیداران کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر المرکز کونسل کے صدر ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا ۔کہ انہوں نے اس تعزیتی اجلاس میں بھرپور شرکت کی۔آخر میں تمام حاضرین کو لنچ باکس دیئے گئے ۔جس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں