محمد یاسین ملک کی رہائی اور انہیں بھارت کی جانب سے پھانسی دلوانے کے مطالبے کی جہاں پر زور مذمت کرتے ہیں

Spread the love

(اسلام آباد/لندن عارف چودھری

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین،ستارہ پاکستان نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپ میں بسنے والے تمام کشمیری اور پاکستانی ممتاز کشمیری راہنما محمد یاسین ملک کی رہائی اور انہیں بھارت کی جانب سے پھانسی دلوانے کے مطالبے کی جہاں پر زور مذمت کرتے ہیں وہیں ہم سب تحریک آزادی کشمیر کے لئے سیاسی و سفارتی قومی و بین الا قوامی محاذ وں پر عملی جد و جہد بھی کر رہے ہیں اور پوری دنیا سے محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے عملی کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کر رہے ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کی چیئر پرسن ڈیبی ابراھم نے جہاں برطانوی پارلیمنٹ کے اندر کشمیر ڈیبیٹ منعقد کروائی، پیٹیشن داخل کروائی، APPKG کے اجلاس بلوائے وہیں برطانوی نائب وزیر خارجہ لارڈ طار ق احمد سے ملاقات کر کے محمد یاسین ملک کے کیس پر تفصیلی بریفنگ بھی دی اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیری سیاسی راہنماؤں و عوام کی رہائی کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں اور اس سلسلہ میں اپنا بین الا قوامی اثر و رسوخ استعمال کریں تا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کو فی الفور بند کروایا جا سکے اور عالمی برادری اپنا وہ کردار ادا کرے جو انسانی حقوق کا چیمپئین ہونے کی حیثیت سے کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھارت کی دس لاکھ سے زائد مسلح افواج موجود ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر پورے مقبوضہ کشمیر میں موجود نہتے کشمیریوں پر ہر قسم کے سنگین مظالم ڈھا رہی ہیں، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بعد ڈیمو گرافک تبدیلیاں کرنے میں مصرو ف ہیں، الیکشن میں اپنے پروردہ لوگوں کو آگے لا کر بھارتی حکومت اس کوشش میں مصروف عمل ہے کہ پورے مقبوضہ کشمیر کا نقشہ تبدیل کر دیا جائے، وہاں کی آبادی کا تناسب تبدیل کیا جائے تا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی منظوری کی صورت میں متوقع رائے شماری کے دوران بھارت اپنے حق میں فیصلہ کروا سکے۔ اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین نے محمد یاسین ملک کی اہلیہ محترمہ مشعال حسین ملک کو دعوت دی کہ وہ برطانیہ تشریف لائیں اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں برطانیہ کے مختلف ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں، برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاسوں سے بھی خطاب کریں اور اسی طرح وہاں برطانیہ کے اندر پوری کشمیری کمیونٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات اور مظاہروں کی بھی قیادت کریں تا کہ محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے جاری کوششوں کو مذید تیز کیا جا سکے۔ راجہ نجابت حسین نے اسی سلسلہ میں مشعال حسین ملک کے ساتھ اپنے خصوصی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس وفد میں محترمہ کنول حیات کشمیری، کنٹری کو آرڈینیٹربرائے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل (خواتین وِنگ پاکستان)، محترمہ سبین حسین ملک،سیکرٹری جنرل پیس اینڈ کلچر ل آرگنائزیشن پاکستان، کرنل (ر) عابد خان، محمد شہزاد خان صدر یوتھ کونسل پاکستان و دیگر شامل تھے۔ راجہ نجابت حسین نے مشعال حسین ملک اور تمام شرکاء کو مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی اوراپنی تحریک کی قومی و بین الا قوامی لابی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ راجہ نجابت حسین نے محترمہ مشعال حسین ملک کو برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم نے جموں تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے ماضی میں بھی انتہائی کلیدی کردار ادا کیا ہے اور برطانوی شہروں، مانچسٹر، اولڈھم، بریڈ فورڈ وغیرہ میں مختلف تقریبات منعقد کیں اور محمد یاسین ملک و دیگر کشمیریوں کی رہائی کے لئے عالمی سطح پر ہمیشہ سیاسی و سفارتی دروازوں پر دستک دیتے چلے آ رہے ہیں۔ ہم آج بھی محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے پورے برطانیہ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ، ہاؤس آف لارڈ کے راہنماؤں، لارڈ میئرز، کونسلروں، وویمن اور یوتھ تنظیموں اور دیگر با اثر لوگوں کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں اور محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیریوں کی بھارتی جیلوں سے سے فوری رہائی کے لئے اپنی مضبوط لابی کے زریعے سرگرم عمل ہیں تا کہ مقبوضہ کشمیر کے راہنماؤں کو بھی تحریک آزادی کشمیر میں اپنا عملی کردار ادا کرنے کا موقع میسر آ سکے اور کشمیری قوم اپنے بنیادی حق خود ارادیت کے حصول کے لئے مشترکہ طور پر جد و جہد کر سکے۔ راجہ نجابت حسین نے دوران ملاقات مقبوضہ کشمیر، آزادجموں وکشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کام کرنے والے ان تمام لوگوں کے کاموں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی، الحاق پاکستان اور تکمیل پاکستان کی بات کی ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ سرینگر کے بعد اگر سب سے زیادہ مسئلہ کشمیر کہیں اُجاگر کیا جا رہا ہے تو وہ برطانیہ ہے جہاں کشمیری کمیونٹی روزانہ کی بنیاد پر مختلف تقریبات اور پروگرام منعقد کر کے عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کی جانب دلوا رہی ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے ہر بین الا قوامی فورم کے دروازوں پر دستک دیتی چلی آ رہی ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی، آزادجموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے تمام ممبران، پاکستان کی قومی اسمبلی کے تمام ممبران، سینٹ کے تمام ممبران اور سب سے بڑھ کر حریت کانفرنس کے تمام راہنماؤں کو یکجا ہو کر ایک ہی پلیٹ فارم تلے اکٹھے ہو کر مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کے لئے مل کر عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور بین الا قوامی سطح پر ہر طرح کی لابی کرنی پڑے گی اس سلسلہ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی پوری ٹیم ہر طرح کے تعاون کے لئے ہمیشہ سے سرگرم عمل رہی ہے اور آئندہ کی کوششوں اور کاوشوں کے لئے بھی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں