ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کے لیے پاکستان سویٹ میں فاتحہ خوانی کا اہتمام

Spread the love

اسلام آباد ( تنویر نوشاہی ) ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی اور ان کے رفقاء کی مغفرت اور درجات بلندی کے لیے پاکستان سویٹ ہوم میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستان سویٹ ہوم کے ننھے فرشتوں اور پریوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی اور ان کے رفقاء کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے اس افسوس ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ ایران صدر ابراہیم رئیسانی ایک بہادر جرات مند رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی نمائیندگی کی اور عالمی سطح پر اسلام کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی۔ آپ کا دل یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ دھڑکتا تھا۔ کسی کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے تھے۔ آپ نے اقوام متحدہ کے ایوان میں بھی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز بلند کی۔ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ابھی حال ہی میں جب ایران کے صدر ابراہیم رئیسانی نے پاکستان کا دورہ کیا تو ان کی اہلیہ خصوصی طور پر پاکستان سویٹ ہوم تشریف لائیں جو ان کی یتیموں بچوں سے محبت کا اظہار تھا۔ میرے بیٹوں اور بیٹیوں نے ان کا دل کھول کر استقبال کیا تھا اور وہ آج بھی ہمیں یاد ہیں اور میرے بیٹے اور بیٹیاں ان کو کبھی بھول نہیں سکتے۔ بلاشبہ ابراہیم رئیسانی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے سے سر شار تھے۔ وہ پاکستانی عوام سے بے پناہ پیار کرتے تھے۔ امید ہے کہ ان کے جانے کے بعد بھی پاکستان اور ایران کی دوستی پر کوئی فرق نہیں آئے گا۔ اس مشکل گھڑی میں ہم ایرانی حکومت کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی شہادت عالم اسلام کا ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ شہداء کی کامل مغفرت اور بخشش فرمائے اور ان کے درجات بلندی کرے۔ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا ہو اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا ہو۔ (آمین)آج ملک بھر میں کراچی سے لے کر کشمیر، گلگت بلتستان جہاں جہاں بھی میرے سینکڑوں بیٹے اور بیٹیوں ہیں آج وہ بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی اور ان کے رفقاء کے لیے دعا گو اور فکر مند ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن بابر ایڈووکیٹ،میڈم نوشابہ، تنویرنوشاہی،حاجی حنیف ودیگر اہلکار بھی موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں