صدر پولیس کے پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) صدر پولیس کے پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج، ملازمین اپنے ہی تھانہ کے حوالات میں بند کر دیئے گئے، اہلکاروں نے دوران گشت سنگین مقدمات میں مطلوب پانچ ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد چھوڑ دیا تھا، اہلکاروں نے ملزمان سے برآمد اسلحہ، موٹر سائیکل و نقدی خود رکھ لی تھی، ملزمان قریبی گاؤں میں کچھ دیر قبل واردات کر کے آئے تھے،چھوڑے جانے والے ملزمان میں سے ایک بعد ازاں حساس ادارے کی حراست میں آیا تو حقیقت آشکار ہوئی، ذرائع، ایک ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس حکام معاملے پر موقف دینے سے گریزاں وزیرآباد میں پولیس تھانہ صدر نے اپنے ہی پیٹی بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات میں بند کر دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی راشد سمیت پانچ پولیس ملازمین نے پانچ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر کے چھوڑ دیا۔ اس کے عوض ان سے موٹر سائیکل پسٹل اور کچھ نقدی بھی وصول کر لی۔ ملزمان کے بارے یہ اطلاع ملی ہے کہ جب ان کو گرفتار کیا گیا تو یہ کچھ دیر پہلے سنگین واردات کر کے آ رہے تھے کہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئے اور بڑی ہوشیاری کے ساتھ انہوں نے پولیس ملازمین سے ساز باز کی اور چلتے بنے۔ ذرائع کے مطابق چند روز بعد ملزمان کو حساس ادارے نے حراست میں لیا تو حقیقت آشکار ہوئی۔ چھوڑے جانے والے ملزمان میں سے ایک بعد ازاں مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ پولیس حکام نے ایس ایچ او صدر لقمان گوندل کی مدعیت میں اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر نمبر 534/25 زیر دفعہ 155 سی پولیس آرڈر 2003 اور 223 ت پ درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس حوالے سے کوئی بھی مؤقف دینے سے گریزاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں