

جہلم(اختر شاہ عارف)جہلم کے معروف فنکار سرور سلیمی اور دیگر وفات پا جانے والے فنکاروں کی یاد میں آج الحقیق ہال المرکزجہلم میں ایک پروگرام “بیاد سرور سلیمی”منعقد کیا گیا۔جس میں معروف ادیب و شاعر اور فنکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس پروگرام کے تین سیشن تھے پہلے سیشن میں مقررین نے مرحوم سرور سلیمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ۔کہ مرحوم ایک ورسٹائل فنکار تھے۔انہوں نے اپنے فن کا آغاز اسٹیج سے شروع کیا ۔اور بعد ازاں پاکستان ٹی وی سے منسلک ہوگئے ۔مقررین کے ساتھی ان کی صفات بیان کرتے ہوئے کئی بار رو پڑے۔اس پروگرام کے دوسرے سیشن میں جہلم کے فنکاروں اور دیگر ادبی و سماجی خدمات کے اعتراف میں “تقسیم ایوارڈ”کی تقریب منعقد کی گئی۔سیدہ شاہدہ شاہ کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔جبکہ ڈاکٹر محمد اسد مرزا کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔”تقسیم ایوارڈ” کی تقریب کے بعداس پروگرام کے تیسرے اور آخری سیشن میں”شام غزل”کے حوالے سے محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا گیا۔جس میں معروف فنکاروں نے اپنے فن سے خوب محظوظ کیا۔یوں رات گئے یہ پروگرام اختتام پذیر ہو گیا ۔
