وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ کا پریس کلب کے سامنے کل احتجاج کا اعلان۔

Spread the love

ریٹائرڈ اساتذہ جمعہ 14 جون کو شام چار بجے کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔

کراچی(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائر اساتذہ و دیگر عمال کے ہونے والے اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر پنشن کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ریٹائرڈ اساتذہ و عمال کا اجلاس کنوینر ڈاکٹر توصیف احمد خان کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ریٹائرڈ اساتذہ و دیگر عمال پنشن کی ادائیگی نا ہونے پر جمعہ 14 جون کو شام 4:00بجے کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے عید الاضحی سے قبل پنشن کی ادائیگی کے احکامات پر یونیورسٹی انتظامیہ عملدرآمد کے لیے تیار نہیں ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 30، 30 سال سے ملازمت کرنے والے اساتذہ اور دیگر عمال کو طویل عرصہ سے واجبات کی ادائیگی نہیں ہوئی۔ قرارداد میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا گیا کہ اردو یونیورسٹی کے 50 کروڑ سے زائد ڈپازٹ مختلف بینکوں میں جمع ہیں مگر متعلقہ انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کی بناء پر ڈپازٹ کو ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کی پنشن اور واجبات کی ادائیگی کے لیے استعمال نہیں کیا جارہا۔مزید کہا گیا ہے کہ 8 کے قریب اساتذہ اور عمال واجبات کی ادائیگی کی خواہش لیے دنیا سے رخصت ہوگئے۔ اگر فوری طور پر پنشن اور واجبات کی ادائیگی نا کی گئی تو مزید صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں