ایوان بالا:ہندو سینیٹر کا ملک میں سودی نظام کیخلاف قرآن کا حوالہ۔

Spread the love

بحیثیت غیر مسلم مجھے شرم آتی ہے کہ ہم منافقت کر رہے ہیں۔دنیش کمار

اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران ہندو سینیٹر نے ملک میں سودی نظام کے خلاف قرآنی احکامات کا حوالہ دیا۔ رپورٹ کے مطابق (بلوچستان عوامی پارٹی) کے سینیٹر دنیش کمار نے اجلاس میں وزرا کی عدم موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں سب جھوٹ ہے، یہاں نہ کوئی وزیر یا حکومتی رکن موجود ہے،  ہمارے لیے شرم  ہے کہ ہم عوام کے پیسوں کو بے دریغ لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے اپنی تقریر میں سود کے خلاف قرآن میں  اللہ کے حکم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مقدس کتب کا مطالعہ نہیں کیا مگر یہ جانتا ہوں کہ سود سے اللہ نے روکا ہے جب کہ وفاق سود پر صوبوں کو پیسے دے رہا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں سود تو اللہ سے جنگ ہے تو ہم کیوں اس کی لین دین کررہے ہیں، بحیثیت غیرمسلم مجھے شرم آتی ہے کہ ہم منافقت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تجاویز دیں گے اور ایک بھی تجویز پر عمل نہیں ہوا تو ایک سال ایوان میں نہیں آؤں گا۔جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا کہ ایک ہندو سینیٹر نے سود سے متعلق اللہ کا حکم پڑھ کر سنایا، یہ ہم سب کے لیے شرم کا مقام ہے اور ہمیں خود کو طمانچہ مارنا چاہیے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے منہ پر تھپڑ مار کر ندامت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم اللہ کی حکم عدولی نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں