لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان یکم جولائی کو اعتراض کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔
لاہور(نمائندہ نادیہ تبسم)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئے مقررکر دی۔قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان یکم جولائی کو اعتراض کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔رجسٹرار آفس نے درخواست پر درخواست گزار کے متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض لگایا تھا۔درخواست گزار شہری مشکور حسین کے مطابق محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کا عہدہ رکھتے ہوئے سینیٹر بننے کے اہل نہیں، سینیٹ کی نشست کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت محسن نقوی پی سی بی کے چیئرمین تھے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 63 کے تحت محسن نقوی سینیٹر کے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے، استدعاہےکہ عدالت محسن نقوی کو سینیٹر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔
خیال رہے کہ رواں سال 6 فروری کو محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منتخب ہوئے تھے اور وہ اُس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب تھے۔
