وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان کے 2 روزہ دورے پر پہنچ گئے

Spread the love

وزیراعظم قصر ملت کا دورہ کریں گے جہاں وہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے ملاقات کریں گے۔

اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر اسلام آباد سے تاجکستان پہنچ گئے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور سید طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔دوشنبہ ائیرپورٹ پر تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ، تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ، تاجک نائب وزیر خارجہ فرخ شریف زادہ، دوشنبہ کے مئیر جمشید تبر زادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور اور اعلی سرکاری و سفارتی اہلکاروں نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔بعد ازاں دوشنبے آمد پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے قومی ہیرو اسماعیل سامانی کی یادگار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا۔وزیراعظم قصر ملت کا دورہ کریں گے جہاں وہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کریں گے ،وہ تاجک قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں