ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج اور ادویات کی فراہمی سے ہی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے

Spread the love

ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف اردو گلوبل )ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج اور ادویات کی فراہمی سے ہی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسان خوشحال ہوگا تو ہی ملکی معیشت بہتر ہوگی اور ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیڈیم روڈ پر محکمہ زراعت اور نجی کمپنی پاک کیم انٹرنیشنل کے تعاون سے قائم کسان سہولت سنٹر کے معائنے کے دوران کیا۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن ذوالفقار غوری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر لیاقت علی اور پاک کیم انٹرنیشنل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ملک ریاض حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کپاس کے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے کسان سہولت سنٹرز قائم کرنے پر نجی کمپنی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں قائم ان سنٹرز بارے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگہی دینے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے۔ واضح رہے کہ کسان سہولت سنٹر پر کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی ادویات عام مارکیٹ سے 15فی صد رعائتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں