ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی نے کہا ہے کہ شہید صحافی خلیل جبران قتل کیس میں تفتیشی ٹیم نے کافی حد تک پیش رفت کر لی ہے

Spread the love

خیبر سے (امان علی شینواری)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی نے کہا ہے کہ شہید صحافی خلیل جبران قتل کیس میں تفتیشی ٹیم نے کافی حد تک پیش رفت کر لی ہے اور قاتلوں تک پہنچنے کے لیے تفتیش کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے تمام صحافیوں اور شہریوں کو ممکنہ حد تک سیکورٹی اور تحفظ فراہم کرنا خیبر پولیس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا یونین آف جرنلسٹس (KPUJ) کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی سربراہی KPUJ کے صدر شمس مومند نے کی جبکہ وفد میں سینئر صحافی ابراہیم شینواری، سدھیر احمد، خیال مت شاہ آفریدی، آمان علی شینواری اور ساجد علی کوکی خیل شامل تھے۔
وفد نے ڈی پی او خیبر کو بعض شدت پسند تنظیموں کی جانب سے صحافیوں کو ملنے والی سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز پیغامات اور ضلع خیبر میں مجموعی طور پر امن و امان کی مخدوش صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

خیبر پختونخوا يونين اف جرنلسٹس کے صدر شمس مومند نے خلیل جبران قتل کیس کے بارے میں ڈی پی او خیبر سے تفتیشی ٹیم کی پیش رفت کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ KPUJ صوبائی حکومت سے صحافیوں کی حفاظت کے لیے جامع اقدامات کرنے کا مطالبہ کر تی ہے۔ ڈی پی او خیبر نے اس موقع پر وفد کو یقین دلایا کہ خلیل جبران قتل کیس کی تحقیقات کو اس کی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر شہید خلیل جبران کے یتیم بچوں کو انصاف دلایا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پولیس صحافیوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا دھمکی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں