وزیر اعظم کا پروٹوکول، سڑکیں بند ہونے سے اسپتال جانے میں تاخیر سے جے یو آئی کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کی طبیعت بگڑ گئی

Spread the love

کوئٹہ/جیکب آباد (نامہ نگار) وزیر اعظم کا پروٹوکول، سڑکیں بند ہونے سے اسپتال جانے میں تاخیر سے جے یو آئی کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کی طبیعت بگڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف کوئٹہ کے دورہ پر آئے تو ان کی سیکورٹی اور پروٹوکول کے لیے کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہوں کو عام عوام کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے باعث جہاں عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا وہی اسپتال جانے والے مریضوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑا، جے یو آئی کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد ڈئیلاسسز کے لیے گڈنی سینٹر جارہے تھے لیکن وزیر اعظم کی سیکورٹی اور پروٹوکول کے لیے راستے بند ہونے کی وجہ سے وہ ڈھائی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوگئی ڈھائی گھنٹے تاخیر سے اسپتال پہنچنے کے بعد انہیں ایمرجنسی میں داخل کیا گیا، صورتحال کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے ان کے فرزند ظفر حسین بلوچ نے بتایا کہ ہم ڈائیلاسسز کے لیے گڈنی سینٹر جارہے تھے لیکن وزیر اعظم کی آمد کی وجہ سے ائیرپورٹ روڈ سمیت دیگر شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں اسپتال پہنچنے میں ڈھائی گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگ گیا تاخیر سے اسپتال پہنچنے کی وجہ سے والد کی طبیعت خراب ہوگئی، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر جے یو آئی کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ چھوٹے میاں کی آمد بلوچستان والوں کے لیے وبال جان بن گئی، ویسے بھی اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کی بدولت بلوچستان کے عوام کئی مشکلات کا شکار رہتے ہیں وزیر اعظم عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے آتے ہیں لیکن یہاں معاملہ کچھ الٹ ہے سیکورٹی اور پروٹوکول کے نام پر عوام کو تکلیف پہنچائی جاتی ہے اگر چھوٹے میاں کی سیکورٹی کا مسئلہ ہے تو وہ شاہراہوں پر سفر کرنے کے بجائے ہوائی سفر کو ترجیح دیں ویسے بھی آج کل چھوٹے میاں اپنے بڑے میاں کو بائی پاس کرکے ہواؤں میں ہی اڑ رہے ہیں، حافظ حسین احمد نے بتایا کہ ڈائیلاسسز کے لیے جاتے ہوئے اسپتال تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے طبیعت خراب ہوئی لیکن اب الحمد اللہ طبیعت میں بہتری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں