وزیرآباد(نامہ نگار) انجمن طلباء اسلام ضلع وزیرآباد کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ جسکی قیادت ضلعی ناظم محمد بلال مصطفائی نے کی جبکہ ان کے ہمراہ دیگر عہدیداران میاں عمر ریاض ، سابق تحصیل ناظم اپنا عمر رضا، سابق ضلع ناظم سمیع اللہ منہاس اور محمد حنظلہ و دیگر نے وزیرآباد کے اہم مقامات پر مختلف اقسام کے اعلیٰ نسل کے پودے لگائے۔ طلبہ رہنمائوں نے شجر کاری مہم کا آغاز سب سے پہلے تحریک پاکستان کے عظیم مجاہد مولانا ظفر علی خان کے مزار پر حاضری دے کر اور لان میں پودا لگا کر کیا۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ بار وزیر آباد میں وکلاء برادری جن میں سابق ناظم ڈگری کالج گلفام طاہرچیمہ ، سابق بار صدر مستنصر گوندل ، رانا ارسلان شوکت ناظم شاخ بھروکی، ریاض چٹھہ، ظہیر انجم بیگ کے ہمراہ پودے لگائے گئے۔ بعد ازاں ایپکس کالج میں سابق رہنماء و ڈائریکٹر شہزاد احمد مجددی، سٹوڈنٹ رہنماء وقار احمد چیمہ، خرم اویس چیمہ کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر پودے لگائے گئے، مزید شیخ القرآن مفتی عبدالغفور ہزاروی کے مزار شریف بھٹیکے میں پروفیسر ڈاکٹر آصف ہزاروی کے ہمراہ پودے لگائے گئے۔ اس حوالے سے ضلعی ناظم محمد بلال مصطفائی کا کہنا تھا کہ ہم جس جس جگہ پودے لگا رہے ہیں انکی بہتر نگہداشت کا بھی احسن طریقے سے بندوبست بھی کررہے ہیں تاکہ یہ ننھے پودے کل کلاں کو پروان چڑھ کرایک تناور درخت بن سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان پودوں کا ریکارڈ رکھا گیا ہے تاکہ ہمارے ذمہ دار کارکن گاہے بگاہے انکی دیکھ بھال کرتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدو جہدسر سبزو شاداب خوبصورت پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔ لہذا انجمن طلباء اسلام ضلع وزیر آباد کے زیر اہتمام جاری شجر کاری مہم اگست کا پورا ماہ ضلع بھر میں چلتی رہے گی۔
