ساہیوال (چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف) پنجاب کونسل آف آرٹس ساہیوال ڈویژن کے زیر اہتمام تقریبات ماہ آزادی کے سلسلے میں طلباء و طالبات کے مابین “پاکستان کے رنگ” کے عنوان پر مقابلہ مصوری کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلہ مصوری میں تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی اور پاکستان کی خوبصورتی پر تصاویر اور پوسڑ سازی کی۔ مقابلہ مصوری میں 12 سال سے 30 سال تک کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا جن میں پہلی پوزیشن نمرہ شہزادی، دوسری شہروب غضنفر اور تیسری پوزیشن شاہیر نے حاصل کی۔ ممبر صوبائی اسمبلی محمد نوید اسلم خان لودھی، سیاسی و سماجی راہنما عائشہ ارشد خان لودھی نے پوزیشن ہولڈرز میں اسناد اور انعامی چیک تقسیم کیے۔ایم پی اے پاکستان مسلم لیگ ن محمد نوید اسلم خان لودھی کا کہنا تھا کہ آرٹ کی سرگرمیاں تعمیری سوچ کا مظہر ہوتی ہیں۔ساہیوال آرٹس کونسل مصوری جیسے مقابلہ جات کے ذریعے طلباء وطالبات میں مخفی ٹیلنٹ کو ظاہر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ایسی سرگرمیاں صحت مند معاشرے کی ضامن ہیں۔ سیاسی و سماجی شخصیت عائشہ ارشد خان لودھی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے لڑکیوں کی شرکت کو سراہا انہوں نے فاطمہ جناح کی وطن عزیز کے لیے اپنے بھائی محمد علی جناح کے ہمراہ لازوال کاوشوں کا ذکر کرتے ہو آج کی خواتین کو معاشرے کی تعمیر و ترقی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے ہر میدان میں اپنی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
