شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،کمشنر ساہیوال

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف )کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شہر میں سیوریج، واٹر سپلائی، تجاوزات کا خاتمہ، شجرکاری، گرین بیلٹس کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کے منصوبے اس انداز میں مکمل کئے جائیں کہ علاقائی ضرورت کے ساتھ ساتھ کفایت شعاری اور پائیداری و خوبصورتی کے مظہر ہوں۔ منصوبوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنا اور انہیں درپیش مشکلات کا حل افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے احسن انداز میں سرانجام دیا جانا چاہیے۔ علاقائی ضرورت کے مطابق منصوبے ڈیزائن کئے جائیں اور سیوک سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پسپ پورے ساہیوال کی طے شدہ ڈیزائن کے مطابق سیوریج لائنز کو مکمل کرے۔ میونسپل کارپوریشن اور پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ مسلم بن عقیل کالونی، بھٹو نگر، صابر ٹاؤن، آشیانہ سکیم، عنایت الہی کالونی کے سیوریج کے مسئلہ کے حل کے لئے نئی سکیم ڈیزائن کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن دی جائے اور منصوبوں کی تکمیل کی مدت میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مین روڈز پر سپیڈ بریکرز نہ بنائے جائیں سائیڈ اور سلیپ روڈز پر سپیڈ بریکرز بنائے جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کالج روڈ کی سیوریج لائن کی صفائی کا95فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ تمام تعمیراتی محکموں کے افسران اور ماہرین ترقیاتی سکیموں کی تکمیل اور دوران تعمیر درپیش مشکلات کے حل کے لئے ایک دوسرے کی معاونت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں