وزیرآباد شہر و گردونواح میں بارش نے گلی محلوں اور شاہراؤں کوندی نالوں میں تبدیل کر دیا،

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) وزیرآباد شہر و گردونواح میں بارش نے گلی محلوں اور شاہراؤں کوندی نالوں میں تبدیل کر دیا،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے بوسیدہ اور پرانے بجلی کے تار صارفین کے لیے مسلسل مصیبت بن چکے ناقص سیوریج سسٹم کی وجہ سے کروڑوں کی املاک تباہ ہونے کے قریب وزیرآباد گردونواح میں حالیہ بارشیں رحمت کی بجائے زحمت بن چکیں ہیں شہری اپنے گھروں میں محبوس ہو کر رہ گئے،بارش کے باعث بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل رہی جبکہ پرانے اور بوسیدہ بجلی کے تار مسلسل عوام کے لیے سردرد بن چکے ہیں ذرا سی بارش سے بجلی کے تاروں کا پٹاخے مارنا معمول بن چکا تحصیل انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی شہر میں نالوں کی صفائی ستھرائی اور بارشی پانی کو نکالنے کے لئے کئی بار بلند بانگ دعوے کر چکی لیکن سب سے بڑا مسئلہ نکاسی آب کے نالوں پر مقامی افراد کا تجاوزات بنا لینا ہے جس سے نکاسی کے نالے تنگ ہو چکے ہیں جونہی بارش ہوتی ہے تو پورا شہر گندے جوہڑ میں تبدیل ہو جاتا ہے شہر میں نکاسی کے سب سے بڑے نالہ ڈیم شاہ تا پلکھو کی دونوں اطراف پر تجاوزات مافیا نے نہ صرف پختہ تعمیرات کر دی ہیں بلکہ نالہ کو کم وبیش 20 سے 25 فٹ تک مسدود کر دیا گیا ہے گھنٹے بھر کی بارش میونسپل کمیٹی کے افسران کے تمام فوٹوسیشنوں کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوڑ دیتا ہے مسلسل پانی کھڑا ہونے سے مین شاہراہیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور شہری گلی محلوں اور شاہراؤں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کے بعد افسران کو کوستے ہیں،شہر کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں کے اندر بھی داخل ہو جاتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ سیوریج نالہ جات کی مکمل صفائی،تجاوزات کا خاتمہ کر کے قیمتی املاک کو تباہ ہونے سے بچایا جا سکتا ہے دوسری جانب شہریوں نے گیپکو چیف سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے لٹکتے اور بوسیدہ تاریں کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتی ہیں آئندہ موسم برسات سے قبل بجلی کی تاروں کی تبدیلی یقینی بنائی جائے اور لوڈ کی طلب و رسد کو مد نظر رکھتے ہوے ٹرانسفارمر و دیگر ضروری سامان پر نظر رکھی جائے اور تبدیل کیے جانے والے بجلی کے ترسیلی آلات کو مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں