وزیرآباد(نا مہ نگار) مرکزی تنظیم تاجران کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی،بجلی،گیس کے بلوں میں اضافہ اور ناجائزٹیکسز کے خلاف مارکیٹیں،بازار مکمل طور پر بند رہے،مرکزی تنظیم تاجران،تنظیم تاجران ریلوے روڈ،کریانہ ایسوسی ایشن،ٹریول ایسوسی ایشن،صرافہ ایسوسی ایشن ودیگر تاجر تنظیموں ہڑتال کی مکمل حمایت کی۔صدر مرکزی تنظیم تاجران ناصر محمود اللہ والے،جنرل سیکرٹری محمد الیاس چوہان،سرپرست شیخ بلال احمد،سنیئر نائب صدر محمد اکبر بٹ،صدر تنظیم تاجران ریلوے روڈ طارق جاوید ملک،جنرل سیکرٹری محمد طارق طور،کرنل وقار انور شیخ ودیگر تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں اور ٹیکسز کے نظام کوبدلنا ہوگا،ملک میں جہاں ایک طرف بے روزگاری کے عفریت نے پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہیں حکومت کی جانب سے ایک کے بعد دوسرے ظالمانہ اقدامات نے مہنگائی کے مارے عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے۔ بجلی وگیس کے مہنگے ترین بلوں،ناجائز ٹیکسز نے عوام کی جان عذاب کر رکھی ہے تاجروں کو قربانی کا بکرا بنا لیا گیا ہے،بجلی کی پیداواری لاگت کے مطابق بل وصول کئے جائیں،گیس کی دستیابی اور اصل بلوں کو یقینی بنایا جائے،تاجر دشمن سکیم واپس لینے،آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ہڑتال صرف تاجر نہیں تجارت کے تحفظ کے لئے ہے
