آئینی ترامیم کا مقصد عدلیہ کی آزادی نہیں ،ڈاکٹر نثار احمد چیمہ

Spread the love

وزیرآباد(نا مہ نگار) آئینی ترامیم کا مقصد عدلیہ کی آزادی نہیں اور نہ ہی ان ترامیم عوامی اور اجتماعی مفاد کے لئے کی جا رہی ہیں بلکہ ان آئینی ترامیم کامقصد سپریم کورٹ کو اپنا تابع بنانا اور چیف جسٹس اپنی مرضی کا لانا ہے، بد قسمتی سے کوئی بھی حکمران آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ کو پسند نہیں کرتا بلکہ سب چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا چیف جسٹس ان کی مرضی کا ہو اور عدلیہ ان کی حامی ہو۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئینی ترامیم آزاد اور مضبوط عدلیہ کے لئے نہیں کی جا رہی ہیں کیونکہ آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ کسی بھی حکمران کو پسند نہیں، سب چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ان کی مرضی کے ہوں،کاش تمام سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی اور جماعتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بارے میں سوچیں اور ملک و قوم کے مفادات کو سب سے زیادہ عزیز رکھیں، کاش تمام سیا سی جماعتوں اور اداروں کے سربراہ یہ سوچیں کہ خواہ ان کی ساری انائیں ہار جائیں مگر ملک جیت جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان آئینی ترامیم سے وہ لاکھوں پریشان حال لوگ جو نظام انصاف سے غیر مطمئن ہیں اور انصاف کے لئے عدالتوں اور کچہریوں میں رسوا ہو رہے ہیں ان ترامیم سے مطمئن ہو جائیں گے یا ان کو کوئی ریلیف مل سکے گا، ہر گز نہیں بلکہ یوں لگتا ہے کہ انصاف کے لئے خوار ہونے والے ایسے لاکھوں لوگوں کے مسائل سے کسی کو غرض نہیں، انہوں نے کہاکہ آئینی ترامیم تو اس لئے ہونی چاہئیں کہ نظام انصاف آزاد، غیر جانبدار اور مضبوط ترین ہو اور لوگوں کا اس پر مکمل اعتماد ہو اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کو آسان اور ہقینی بنایا جا سکے مگر اس طرف کوئی توجہ نہ دی جا رہی ہے، انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں آئین میں دو ترامیم کے ذریعے جسٹس یعقوب علی خان کو تعینات رکھنے اور جسٹس سردار اقبال کو فارغ کرنے کی کوشش کی گئی بعدازاں ضیائالحق کے دور میں ان ترامیم کو ختم کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جنرل باجوہ اور فیض حمید کے ساتھ مل کر اپنے دور میں قاضی فائز عیسیٰ کا راستہ روکنے کی کوشش کی اور اب جسٹس منصور علی شاہ کا راستہ روکنے کی کوشش ہو رہی ہے۔جس طرح وہ غلط تھا اسی طرح یہ بھی غلط ہے۔ ڈاکٹر نثار چیمہ نے کہاکہ وہ ن لیگ کے ساتھ ہیں مگر آئینی ترامیم کے حوالے سے وہ ضمیر کے مطابق اپنے رائے کا اظہار کر رہے ہیں اور وہ ان ترامیم کو کسی بھی صورت ملک و قوم کے لئے درست نہیں سمجھتے اور ایسی ترامیم سے ادارے کمزور ہوتے ہیں ہمیں اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے عدلیہ کی آزادی کے لئے تحریک چلانے والے مسلم لیگ کے قائد اور صدر میاں نواز شریف کا بھی یہی موقف ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں