وزیرآباد شہر اور گردونواح میں صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہو سکے

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) وزیرآباد شہر اور گردونواح میں صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہو سکے۔کوڑا کرکٹ کے ڈھیر، بند سیوریج، گندگی سے اٹے نالے اور سڑکوں پر کھڑا پانی دیکھ کر شہری اکتا گئے۔ ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔وزیرآباد شہر اور گردونواح میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شہری سٹپٹا اٹھے۔ میونسپل کمیٹی کے درجنوں اہلکاروں کے باوجود شہر کی مرکزی شاہراہیں اور گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ کا خاتمہ نہ ہو سکا۔سیوریج اور نالوں کی صفائی کی ناقص حکمت عملی اور فرائض میں کوتاہی کے سبب شہر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کرتا ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر صفائی کر کے سب اچھا کی رپورٹ پیش کی جاتی ہے تاہم اندرون شہر، نظام آباد، دہونکل روڈ، آلہ آباد، جناح کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ تلف کرنے کی ناقص منصوبہ بندی اور نالوں کی باقاعدہ صفائی نہ ہونے کے سبب شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ بیشتر گلیاں اور سڑکیں نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ، ڈاکٹر کاشف اشرف، سید شہباز بخاری، ندیم صادق تارڑ، عابد پرویز، محمد فاروق چیمہ و دیگر نے ڈپٹی کمشنر سے صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور بدترین صورتحال کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں