وزیرآباد(نا مہ نگار) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی غزہ فلسطین موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی،ریلی اسلامک سنٹر سے شروع ہوکر چوک شیخ القر آن پر اختتام پذیر ہوئی،ریلی میں جماعت اسلامی کے عہدیداران وکارکنان،پیپلزپارٹی کے رہنماؤں،شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں سمیت مختلف پارٹیوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر جماعت اسلامی ناصر محمود کلیر،سابق ایم پی اے اعجاز احمد سماں،علامہ ذیشان ظہیر جعفری،علامہ سید سجاد حسین،صابر حسین بٹ نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی جنگ کو فلسطین کے بعد لبنان،مصر،ایران اور یمن تک پھیلا چکا ہے،حکمرانوں کی بے حسی سوالیہ نشان ہے،ارض مقدس فلسطینیوں کا دفاع صرف فلسطینیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری امت پر فرض ہے،آج ظلم کے خلاف مزاحمت صبر،جہاد اور استقامت کا ایک سال مکمل ہونے پر ریلی کے ذریعے اپنا پیغام بے ضمیر حکمرانوں،امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کو پہنچاکر ثابت کرینگے کہ وہ حماس،حزب اللہ اور غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس موقع پر جاوید مغل،حافظ فرحان منیر بٹ،مرزا غلام مصطفی،ندیم صادق تارڑ،سیٹھ ندیم،ارسلان بٹ،محمد رفیق نعیم،ڈاکٹر حبیب اللہ،فیصل مجید،عطاء الرحمن سمیت متعدد کارکنان نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل کے خلاف خوب نعرہ بازی کی۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام بھی جی ٹی روڈ پر خواتین نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی،ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر فلسطینی مسلمانوں کے حق میں نعرہ بازی کی۔ (فوٹو ہمراہ ہے)
