وزیرآباد(نامہ نگار) پولیس سرکل دفتر کے نزدیک علی الصبح ڈاکو ناکہ، دو درجن سے زائد افراد کو لوٹ لیا گیا۔ موٹر سائیکل سوار ڈاکو اطمینان سے لوٹتے اور تشدد کرتے رہے۔ چند روز میں درجنوں وارداتوں میں شہری بھاری مالیت کے مال و زر سے محروم۔ سکندر پورہ میں گھر کے باہر سے شہری کی موٹر سائیکل اڑا لی گئی۔ ڈکیت گینگ نے شہر کا سکون برباد کر دیا۔ پے در پے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھنے لگا۔ اعلی حکام ہم پر رحم کر کے وزیرآباد میں ذمہ داران آفیسر تعینات کریں۔ شہریوں کی دہائی
تفصیلات کے مطابق علی الصبح تھانہ سٹی و صدر کے سنگم میں اور سرکل آفس کے قریب پل نالہ پلکھو پر موٹر سائیکل ڈکیت گینگ نے ناکہ لگا کر سبزی منڈی جانے والے دکانداروں اور دیگر دو درجن سے زائد افراد کو اسلحہ کے زور پر روک کر نقدی اور موبائل وغیرہ سے محروم کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکو تسلی سے جگہ بدل بدل کر ایک ہی علاقے میں روڈ پر شہریوں کو لوٹتے اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ دوسرے واقعے میں محلہ سکندر پورہ میں شہری کے گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چرا لی گئی۔ دو روز قبل دندناتے ڈاکوؤں نے بینک سے پیسے لے کر جانے والے شہری سے لاکھوں روپے چھین لیے۔ چند روز کے دوران ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں میں درجنوں موٹر سائیکلوں، مال و زر سے محروم ہونے کے باعث شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھنے لگا ہے۔ کچھ عرصہ قبل تاجروں کی جانب سے پولیس کی جانب سے تادیبی کاروائی نہ کئے جانے پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس پر مقامی پولیس کی جانب سے مثبت کاروائی کرنے اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی جبکہ اسکے بعد بھی تاجروں اور شہریوں کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری حلقوں نے اعلی حکام سے وزیرآباد کی صورت حال کی بابت خصوصی توجہ کی درخواست کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے افسران تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
