قبضہ مافیا بے لگام، کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر دیواریں کھڑی کر دی گئیں

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) قبضہ مافیا بے لگام، کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر دیواریں کھڑی کر دی گئیں۔ منظور آباد میں مبینہ طور پر 85 مرلہ صوبائی حکومت کی ملکیتی جگہ پر سینہ زوری سے قبضہ۔ اہل علاقہ کا احتجاج، اعلیٰ حکام سے قبضہ واگزار کرانے کا مطالبہ۔ قبضہ میں ملوث افراد جتنے بھی بااثر ہوں، کاروائی ہو گی۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی گفتگو۔ وزیرآباد اور گردونواح میں قبضہ مافیا بے لگام ہو کر رہ گیا ہے۔ سرکاری و غیر سرکاری اراضی پر جگہ جگہ قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ لئے ہیں۔ نواحی موضع منظور آباد میں شہریوں کی بڑی تعداد نے مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف احتجاج کیا۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کی بڑی تعداد جن میں میاں مظہر، حاجی شریف،مولانا محمد انور،حاجی شبیر، شہزاد بشیر، معظم نذیر،حاجی بشیر،حاجی رمضان،محمد حسین،ابوذر، محمد مدثر،ماسٹر غفار،مقصود احمد اور اہل دیہہ کی بڑی تعداد نے الزام عائد کیا بااثر قبضہ مافیا نے منظور آباد میں 85 مرلے صوبائی حکومت کی ملکیتی اراضی پر قبضہ کر کے دیواریں کھڑی کر لی ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور ریونیو افسران ان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ مذکورہ جگہ کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے وزیراعلی پنجاب سمیت دیگر اعلی حکام سے معاملے کا نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اس بابت رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کا کہنا تھا کہ کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو کسی کو بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔(فوٹو ہمراہ ہے)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں