ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے 4اہم چوراہوں کی ری ڈیزائنگ کی ہدایت کردی،پسپ پروگرام کے تحت آرٹس کونسل چوک، کالج چوک، مال منڈی چوک اور یونیورسٹی چوک کو ری ڈیزائن کیا جائے گا جس سے ٹریفک کے مسائل حل ہونگے۔ اپنے دفتر میں مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہر کی بڑی سڑکوں پر نصب سٹریٹ لائٹس کی صفائی کا کام تیز کرنے اور خراب سٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور ڈائیریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت شہر کے مختلف حصوں خصوصاً غلہ منڈی، نور پارک، ملتان روڈ، منظور کالونی، کچا پکا نورشاہ روڈ، امامیہ کالونی، فرید ٹاؤن اور چک نمبر95/6Rمیں سیوریج پائپ ڈالنے کے دوران درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے اور میونسپل کارپوریشن کی مدد حاصل کرنے کے لئے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی تاکہ باقی ماندہ کام کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر1148سٹریٹ لائٹس ہیں جنہیں مرحلہ وار صاف کیا جا رہا ہے اور یہ تمام کام اس ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے جناح لائبریری چوک کو خوبصورت بنانے اور وہاں ایک یادگار تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
