جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے کشمیر کی آذادی کے لئے دکھاوے کے جتنے ڈھول بجائے نیا نقشہ ان سب پر بھاری ہے، جو ہماری منزل کا تعین اور عالمی برادری کو واضح پیغام ہے کہ کشمیر پاکستان سے جدا نہیں،کشمیر کا نیا نقشہ جاری کرکے حکومت نے منزل کا تعین کر دیا ہے، ماضی کے حکمران بھارتی حکمرانوں کو تحفے تحائف بھیجتے اور دوستیاں نبھانے میں لگے رہے،کشمیر کی آزادی کیلئے عملی جدوجہد کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا دو ٹوک اعلان بھارتی حکمرانوں کیلئے واضح پیغام ہے، نئے نقشے کو ہدف تنقید بنانے والے بتائیں کہ ان کے لیڈروں نے کشمیر کی آزادی کیلئے کیا عملی اقدامات اٹھائے، بھارت نے 5 اگست کے بعد جو نیا نقشہ پیش کیا تھا اس پر اپوزیشن کے بھارت نواز سابق حکمرانوں کی زبانیں کیوں بند ہو گئیں تھیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی امنگوں، آرزؤں اور جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، موجودہ صدی کی تاریخی بربریت پر خاموش رہنے والے اور حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے اقدامات پر تنقید کرنے والے پاکستان اور کشمیری عوام کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر اب پاکستان کا یہی نیا نقشہ متعارف کروایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیاسی سفارتی محاذوں پر کشمیر کی آزادی کی مہم مزید تیز کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے نیا نقشہ جاری کرنے کے بعد بھارتی حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔
