پنجاب حکومت کی جانب سے جاری عوامی منصوبے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، برگیڈیئر (ر) بابر علاؤ الدین

Spread the love

وزیرآ باد (نامہ نگار) پنجاب حکومت کی جانب سے جاری عوامی منصوبے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، جن کا مقصد شہریوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار برگیڈیئر (ر) بابر علاؤ الدین ستارہ امتیاز ملٹری، چیئرمین وزیر اعلیٰ سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ نے کیا پریس کلب کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی ایسی رفتار اور شفاف عملدرآمد ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، مگر وزیر اعلیٰ کا ویژن ہے کہ پنجاب کو پورے پاکستان کے لیے ایک ماڈل بنایا جائے، جہاں عوام کو جدید اور معیاری سہولیات میسر ہوں۔۔ حکومت عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پنجاب میں فلاحی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں اور علاقے کی ترقی یقینی بنائی جا سکے۔
برگیڈیئر (ر) بابر علاؤ الدین نے اس موقع پر سوہدرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں گلیوں، نالیوں، سیوریج اور واٹر سپلائی کی بہتری کے لیے 18 کروڑ 50 لاکھ روپے کی اسکیم پر کام جاری ہے، جس سے شہریوں کو نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی بہتر سہولت دستیاب ہوگی۔ سوہدرہ پارک کی بحالی پر 1 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ایک معیاری تفریحی مقام میسر آ سکے۔ یونین کونسل کے دفتر کی تعمیر نو کے لیے 1 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے عوام کو بلدیاتی خدمات میں مزید سہولت ملے گی۔ ہسپتال کی اپگریڈیشن پر 5 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں تاکہ جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسپورٹس کمپلیکس کی تکمیل پر 5 کروڑ 45 لاکھ روپے کی لاگت آ رہی ہے۔ بجلی کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے 1 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ نئے گرڈ اسٹیشن کے کنکشن کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے بجلی کی فراہمی مزید مستحکم اور بلا تعطل ہوگی۔ گرلز ڈگری کالج کے التوا شدہ منصوبے کو مکمل کیا جا رہا ہے، جبکہ سوہدرہ پولیس اسٹیشن میں جدید سہولت مرکز بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو فوری اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا رہی ہے اور ان تمام منصوبوں کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور علاقے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں