ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہدمحمود نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی

Spread the love

ساہیوال( چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہدمحمود نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وہ یہاں منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، پرائس کنٹرول میکانزم اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی کہ گزشتہ پندرہ دن کے دوران مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں چھاپے مار کر متعدد دکانداروں کو مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے پر جرمانے کیے گئے جبکہ کئی افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور قیمتوں کے حوالے سے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے پیش نظر بازاروں میں اشیاء کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت یا قیمتوں میں ناجائز اضافے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں