وزیرآباد(نامہ نگار)غزوہ بدر تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جب 313 مسلمانوں نے اپنے سے 3 گنا بڑے مسلح افراد کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔انہیں اللہ اور اس کے پیارے حبیب کی خاص مدد حاصل تھی۔ان خیالات کا اظہار مولانا پیر محمد داؤد رضوی نے جماعت رضائے مصطفےٰ پاکستان کے زیراہتمام عظمتِ اصحابِ بدر کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں مسلمانوں کی تعداد ڈیڑہ ارب سے زیادہ ہے اور وطن عزیز پاکستان ایٹمی طاقت ہے لیکن اس کے باوجود مسلمان دنیا بھر میں مظلومی اور محکومی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔اس کی بڑی وجہ ایمان کی کمزوری اور اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے اور عددی لحاظ سے ایک عظیم قوت ہونے کے باوجود امت مسلمہ اس وقت زوال کا شکار ہے۔اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو اپنے اسلاف کی تاریخ پڑھنی چاہیئے۔جن اسلاف نے اپنے عقیدہ کی پختگی اور اپنے کردار و عمل سے دنیا پر حکمرانی کی جبکہ آج سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ہم دنیا کے ہر حصے میں مظلوم بن چکے ہیں اور اغیار کی سازشوں اور مظالم کا شکار ہوچکے ہیں۔صاحبزادہ محمد داؤد رضوی نے مزید کہا کہ آج بھی مسلمان اللہ اور اس کے رسول کے فرمودات پر عمل پیرا ہو جائیں تو اللہ اور رسول کی امداد و نصرت حاصل ہوسکتی ہے اور مسلمان ایک عظیم طاقت بن کر دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر وطنِ عزیز پاکستان و عالم اسلام بلخصوص فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا ہوگی۔
