وزیرآباد (طارق جاوید ملک) پاکستان تحریک انصاف ایک جمہوری، آئینی اور پُرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، اور ہم پُرامید ہیں کہ عمران خان جلد انصاف کے تقاضوں کے مطابق آزاد ہوں گے، کیونکہ عوامی رائے کو نظر انداز کرنا ملک کے مستقبل کے لیے درست راستہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر چوہدری محمد احمد چٹھہ نے پی ٹی آئی وزیر آباد کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت مقامی راہنما لالہ خلیل احمد نے کی۔ چوہدری احمد چٹھہ نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کے آئین، قانون، عدلیہ کی خودمختاری، اور جمہوری عمل کے تسلسل پر کامل یقین رکھتی ہے۔ پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ملک بھر کے نوجوان اور کارکن ایک پُرامن آئینی جدوجہد میں مصروف ہیں تاکہ ملک کو ایک بہتر، منصفانہ اور ترقی یافتہ راستے پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور خاص طور پر نوجوانوں نے جس ہمت، نظم و ضبط اور شعور کا مظاہرہ کیا ہے، وہ پاکستان کے جمہوری مستقبل کے لیے امید کی کرن ہے۔ ہمارا بیانیہ واضح ہے کہ کسی ادارے یا شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ ایک شفاف اور منصفانہ نظام کے قیام کے لیے ہے۔ چوہدری احمد چٹھہ نے کہا کہ پارٹی پر ریاست مخالف ہونے کے الزامات بلاجواز ہیں۔ پی ٹی آئی ریاست کے تمام اداروں کے احترام کی قائل ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ تمام ادارے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، تاکہ ملک میں توازن اور عدل کا ماحول پیدا ہو۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف عوامی طاقت اور آئینی حدود میں رہ کر اپنا سیاسی اور قانونی کردار ادا کرتی رہے گی۔ کارکن منظم رہیں، عوام سے رابطہ بڑھائیں اور اگلے انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کریں تاکہ پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور قانون کی بالادستی کا حقیقی نمونہ بنایا جا سکے۔
