وزیرآباد(طارق جاوید ملک) جب مسلمان قرآن مجید کو حفظ کرنا شروع کرتا ہے تو وہ اپنے دل کی عمیق گہرائیوں میں توفیق الٰہی اور سعادت عظیم کا سرور سرایت کرتے ہوئے محسوس کرتا ہے۔ یہ وہ نورانی سعادت ہے جس کے مدمقابل تمام لطف و کرم اور سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ حافظ عمران کیلانی نے سیاسی سماجی شخصیت محمد زبیر بٹ کے صاحبزادے حافظ علی حسن بٹ کے حفظ قرآن کی تکمیل پر انکی رہائش گاہ پر منعقد محفل امین کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل پاک میں مہمانان گرامی عبدالرحمن پہلوان، محمد حنیف بٹ، شاکر بٹ، طاہر شاہ، قاری اسحاق، محمد عامر، ابرار احمد، نواز بٹ، امجد بٹ، عبداللہ بٹ، قاری علی حیدر، استاد راحیل، حافظ عثمان سمیت خاندان اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے مزید کہا کہ حافظ قرآن پر رب کریم کے تعلق کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے اور اُس کا اپنے مولیٰ کے ساتھ خصوصی ربط قائم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قرآن پڑھے، اسے سیکھے اور اس کے مطابق عمل کرے تو اس کے والدین کو قیامت میں نور کا تاج پہنایا جائے گا۔
