وزیر آباد (طارق جاوید ملک) تعلیمی ترقی ملکی اور معاشرتی ترقی کی ضامن ہے ۔ پسماندہ طبقات کو علم کے زیور سے آراستہ کر کے قومی دھارے میں شامل کرنا مسلم ھینڈز کا نصب العین ھے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم ہینڈز کے ایریا مینجر رانا عمر فاروق نے مسلم ھینڈز کے پی آر ایس پی پراجیکٹ کے تحت چلنے والے سکولز کے بچوں میں سالانہ امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹوڈنٹس میں انعامات تقسیم کرنے کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مہمان خصوصی کلسٹر کوآرڈینیٹر ولید احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم کے چراغ کو فروزاں کرنے کے لئے کمیونٹی کا تعاون اشد ضروری ہے اور علم دوست شخصیات کی سرپرستی سے جہالت کا ناسور ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔ پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک اور عمیر بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم ہینڈز نے ابتر حالات کے شکار سرکاری سکولوں کی نگرانی لے کر پسماندہ علاقوں کے طلباء کے لئے جدید علوم کے دروازے کھول دیے ہیں کمیونٹی کے با شعور ذمہ دار افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ علاقے میں اپنا اثر ورسوخ استعمال کر کے زیادہ سے زیادہ بچوں کی سکول تک رسائی ممکن بنائیں تاکہ روشن پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے۔ اس موقع پر سٹوڈنٹس نے ملی نغمے اور اصلاحی خاکے پیش کئے۔ مہمانان گرامی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو شیلڈز اور اعزازات سے نوازا ۔تقاریب میں مختلف علاقوں کی ممتاز سماجی شخصیات اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
