وزیرآباد(طارق جاوید ملک) عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے پریس کلب سوہدرہ کے وائس چیئرمین اور سینئیر صحافی رانا عبدالرشید کے اعزاز میں ینگ تھنکرز کلب پاکستان کے سرپرست اور ممتاز سماجی شخصیت انجینئر نعیم قیصر نجمی کی جانب سے ایک پروقار اور پرتکلف عصرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر پریس کلب سوہدرہ کے چیئرمین نجیب اللہ ملک، جنرل سیکرٹری عبدالحمید بٹ، سیکرٹری نشر و اشاعت خالد جاوید بٹ، جوائنٹ سیکرٹری یاسر ملک اور معروف مذہبی سکالر مولانا ڈاکٹر انیس الرحمٰن خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ڈاکٹر انیس الرحمٰن نے عمرہ کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عمرہ ایک عظیم روحانی سفر ہے جو بندے کو اللہ کے قریب اور نفس کی پاکیزگی کا ذریعہ بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ نہ صرف گناہوں کی مغفرت کا باعث ہے بلکہ دل کی صفائی، رزق میں برکت اور زندگی میں سکون عطا کرتا ہے۔ پریس کلب چیئرمین نجیب اللہ ملک نے کہا کہ عمرہ کی ادائیگی اللہ کی خاص عنایت ہے، ہم رانا عبدالرشید کی خوش نصیبی پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جنرل سیکرٹری عبدالحمید بٹ نے اسے بندگی اور خشوع سے لبریز مبارک لمحہ قرار دیا۔ میزبان انجینئر نعیم قیصر نجمی نے اس موقع پر کہا کہ عمرہ جیسے بابرکت سفر پر روانگی کسی فرد کے لیے اللہ کی خاص نوازش اور روحانی سربلندی کی علامت ہے، جو عاجزی اور انکساری کے دروازے کھولتی ہے۔ خالد جاوید بٹ نے اس سفر کو دعاوں کی قبولیت کا وسیلہ قرار دیا، جبکہ یاسر ملک نے رانا عبدالرشید کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اسے باعثِ فخر سعادت قرار دیا۔ آخر میں رانا عبدالرشید نے تمام شرکاء، بالخصوص میزبان انجینئر نعیم قیصر نجمی کا پرخلوص میزبانی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مولانا انیس الرحمٰن نے خصوصی دعا کی کہ اللہ عمرہ کو قبول فرمائے، اس کے فیوض و برکات سے انہیں بھرپور نوازے اور میزبان کے رزق، صحت و سلامتی میں اضافہ فرمائے۔(فوٹو ہمراہ ہے)
