وزیرآباد:(طارق جاوید ملک) باراتوں پر نوٹ لٹانے کی پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے گئے ،مختلف میرج ہالز اور مارکیوں کے باہر نوٹ لوٹنے والے افراد گروپوں کی صورت موجود ،مقامی میرج ہال کے باہر بارات سے نوٹ لوٹتے نوجوان آپس میں ٹکرا کر زخمی اسپتال منتقل
وزیرآباد کے علاقہ کرم آباد کے قریب واقع مقامی میرج ہال کے باہر آئی بارات میں نوٹ لوٹنے کے دوران ونجووالی کے رہائشی دو نوجوان فیضان علی بٹ اور اللہ رکھا آپس میں ٹکرا گئے اور زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال وزیرآباد منتقل کیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا و مقامی طور پر خبروں میں باراتوں پر نوٹ لٹانے پر پابندی کی باتیں زبان زد عام ہیں باراتیوں نے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے اور مختلف میرج ہالز اور مارکیز کے باہر باراتوں سے رقوم لوٹنے والے افراد کے گروہ گروپوں کی صورت میں کھڑے نظر آتے ہیں جنہوں نے باقاعدہ طور پر نوٹ لوٹنے والے اوزار جال اور چھکے وغیرہ بنا رکھے ہیں متوسط و نچلے کلاس کے طبقہ کے بچے اور بڑے میرج ہالز و مارکیز کے باہر نوٹ لوٹنے کو باقاعدہ پیشہ کے طور پر اختیار کرتے ہیں اور شام کو ہزاروں روپے لوٹ کر گھروں کو روانہ ہوتے ہیں ۔
