ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)افواج پاکستان سے یک جہتی کے لئے پوری قوم متحد، ساہیوال میں افواج پاکستان سے اظہار محبت کے لئے شاندار یکجہتی ریلی کا انعقادکیا گیا۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود، ڈی پی او رانا طاہر الرحمن اور ارکان اسمبلی ملک محمد ارشد، رانا ریاض احمد، پیرولایت شاہ کھگہ، نوید اسلم خان لودھی نے کی جبکہ اس میں سول سوسائٹی، وکلاء، تاجر حضرات، علماء کرام، میڈیا پرسنز اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہوکر ڈی سی آفس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔صدر ڈسٹرکٹ بار ملک سعید احمد سگھلہ، صدر ساہیوال پریس کلب محمد نعیم شیخ، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر احسان الحق ادریس، ابراہام عظیم ڈینئل اور شیخ اعجاز رضا نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو گیڈربھبکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار ہوش کے ناخن لے اور پاکستان پر الزام تراشی سے گریز کرے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت ناکام بنانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کے دفاع اور استحکام کے لئے اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی اور ریلی کے اختتام پر ملک کے استحکام کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔
