گورنمنٹ میجر منیر شہید ہائی سکول جہلم کینٹ میں مستحق طلبہ و طالبات میں یونیفارمز، شوز اور کاپیاں تقسیم کرنے کی پروقار تقریب

Spread the love


سی ای او ایجوکیشن محترمہ نازیہ شہزادی کی شرکت، سابق طلبہ کی فلاحی کاوش کو سراہا

جہلم (بلال رضا) 29 اپریل 2025 بروز منگل گورنمنٹ میجر منیر شہید ہائی سکول جہلم کینٹ میں سابق طلبہ بیچ 1984 کی جانب سے مستحق طلبہ و طالبات میں یونیفارمز، شوز اور کاپیوں کی تقسیم کے لیے ایک پُروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ادارے کے سربراہ قاری محمد رفیق کنیال نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی محترمہ نازیہ شہزادی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم تھیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ سابق طلبہ کی نمائندگی ڈاکٹر نسیم (مسلم ڈینٹل لاہور موڑ)، سب انسپکٹر ریاض بٹ اور دیگر رفقائے تعلیم نے کی، جنہوں نے اپنے مادرِ علمی کے نادار طلبہ کی کفالت کر کے تعلیم دوستی اور انسانیت نوازی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

محترمہ نازیہ شہزادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “تعلیم کی روشنی ان طلبہ تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جو مالی طور پر محرومی کا شکار ہیں۔ سابق طلبہ کی جانب سے کیا گیا یہ قدم واقعی قابلِ تقلید اور معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف طلبہ کا حوصلہ بڑھاتے ہیں بلکہ تعلیمی اداروں کی حقیقی روح کو اجاگر کرتے ہیں۔”

سی ای او ایجوکیشن کے ہمراہ سکول کونسل کے رکن چوہدری امجد فاروق گوندل ایڈووکیٹ اور صدر پی ٹی یو خواتین ونگ جہلم محترمہ مومنہ ماہرو گوندل نے خصوصی شرکت کی اور مستحق طلبہ کو تعریفی کلمات سے نوازا۔
مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال پھولوں کے گلدستے اور طلبہ کی جانب سے گل پاشی سے کیا گیا۔

تقریب میں زونل ہیڈ سعیلہ زون جناب سرفراز احمد، سابق ہیڈ ماسٹر غلام مصطفےٰ گوندل، سکول کونسل کے دیگر معزز اراکین اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے فلاحِ عامہ کے اس جذبے کو سراہا اور ادارے کے سربراہ قاری محمد رفیق کو ایک کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

تقریب کے اختتام پر قاری محمد رفیق کنیال نے معزز مہمانوں، سابق طلبہ اور سکول کونسل کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ادارہ آئندہ بھی ایسے فلاحی کاموں کو خوش اسلوبی سے جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں