ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسامہ مجید چیمہ نے کہا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لیے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور موثر اقدامات یقینی بنائیں۔ وہ یہاںمنٹگمری ہال میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایکسڈنٹس ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین، ٹریفک و موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ پیش آنے والے ٹریفک حادثات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور حادثات کی وجوہات، ذمہ دار عناصر اور ممکنہ روک تھام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اسامہ مجید چیمہ نے کم عمر ڈرائیوروں، تیز رفتاری، اور فٹنس کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں اپریل کے مہینے میں1077 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 1347 لوگ زخمی جبکہ 58 جان کی بازی ہار گئے ۔ ضلع بھر میں حادثات کی شرح میں کمی لانے کیلئے اسکول وینز کی چیکنگ، سڑکوں پر سائن بورڈز کی تنصیب اور روڈ سیفٹی مہم شروع کرنے کی تجاویز بھی دی گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون سے ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے میڈیا اور سماجی تنظیموں کی مدد سے آگاہی مہم تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
