کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے عید الاضحی پر اجتماعی قربانی کی حوصلہ افزائی کے لئے شہر میں 46 پوائنٹس کی نشاندھی کرلی

Spread the love

ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے عید الاضحی پر اجتماعی قربانی کی حوصلہ افزائی کے لئے شہر میں 46 پوائنٹس کی نشاندھی کرلی،ان پوائنٹس پر بجلی اور پانی کی سہولت دستیاب ہے جہاں دوسری ضروری سہولیات بھی باآسانی فراہم کی جاسکتی ہیں۔اجتماعی قربانیوں کے لئے پوائنٹس مقرر کرنے کا مقصد گلی گلی قربانی کرنے حوصلہ شکنی کرنا ہے جس سے نہ صرف صفائی کرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ شہر کی فضا بھی کئی دن تک مکدر رہتی ہے۔اس مقصد کے لئے کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے کی جس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عبد الرؤف سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ہدایت کی کہ کارپوریشن عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائے تاکہ وہ ہر گھر اور گلی محلے میں اپنی اپنی قربانی کرنے کی بجائے نزدیک ترین پوائنٹ پر جانور ذبح کروائیں جس سے آلائشوں کی ڈسپوزل اور صفائی میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ ان مخصوص پوائنٹس پر قربانی کے لئے قصابوں کے ریٹس بھی مقرر کرنے پر غور کیا جائے تاکہ عوام کو قصابوں کی من مانیوں سے بچایا جا سکے اور جانور یکساں نرخوں پر قربان کروائے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں