وزیرآباد : معروف دفاعی تجزیہ نگار اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وہ وزیرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹے بیانیے گھڑ رہی ہے، لیکن پاکستان کی افواج اور قوم پوری طرح ہوشیار اور تیار ہیں۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت پر ایسا جواب دیا جائے گا جو تاریخ کا حصہ بنے گا۔ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا کہ ہمیں بھارتی افواج پر ٹیکنالوجیکل برتری حاصل ہے، اور یہی برتری ہر محاذ پر ہمارے اعتماد اور کامیابی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے جو ناقابل تردید ثبوت پیش کیے ہیں، وہ بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بےنقاب کرنے کے لیے کافی ہیں، جس کے بعد اب عالمی سطح پر بھی بھارت کے جھوٹے دعوے اور الزامات بےاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا حقائق سے نابلد ہو کر صرف پروپیگنڈے میں مصروف ہے اور اپنے عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی قوت ایک ناقابل تسخیر حقیقت ہے، اور کوئی بھی ملک یا طاقت اسے للکارنے کی جسارت کرے گی تو اسے عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے واضح کیا کہ پاک فوج اپنے پیشہ ورانہ عزم، جذبۂ شہادت اور عوامی اعتماد کے ساتھ ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہماری فوج نے ہمیشہ دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے اور آئندہ بھی ملکی دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔
