وزیر آباد: بزرگان دین کی درگاہیں فیضان رسالتؐ کے سرچشمے ہیں، بھٹکی ہوئی انسانیت کو دائمی فلاح کے لئے روحانیت کی طر ف رجوع کرنا ہوگا،مادہ پرستی نے حقیقت کی تلاش کے راستے مسدود کردیئے ہیں،محبت رسول ؐ کی شمع باطن کی بالیدگی کے لئے اکسیر کا درجہ رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین ضیاء الامت کے سجادہ نشین سابق سینیٹر صاحبزادہ پیر امین الحسنات شاہ نے سلسلہ سہروردیہ کے ممتاز روحانی پیشوا پیر سید بشیر احمد خورشید ؒ کے 52ویں سالانہ عرس مبارک کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدارت آستانہ عالیہ سہروردیہ سوہدرہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید محمد صفی اعظم چن پیر شاہ نے کی۔ چیئرمین مسلم ہینڈز صاحبزادہ سید لخت حسنین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخلوق کو جہالت کی تیرگی سے نکال کر فلاح کی روشن راہوں پر گامزن کرنا اولیائے کرام کا شیوہ ہے اور ایمان کی تازگی کے لئے علماء کی صحبت اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔عرس مبارک کی دوروہ تقریبات صاحبزادہ سید ضیاء النور اور صاحبزادہ سید آل احمد کی نگرانی میں انعقاد پذیر ہوئیں۔اس موقع پر امام ابو حنیفہ اور امام احمد رضا خان بریولی کا نفرنس جامع مسجد ارائیاں میں ہوئی جس سے پیر سید مزمل حسین شاہ جماعت صاحبزادہ حامد رضا،پیر برہان حیدر شاہ جماعتی،پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف ہزاروی،صاحبزادہ حافظ محمد کاشف چشتی اویسی،پیر سید حامد فاروق بخاری،پیر سید زاہد حسین ترمذی،مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب بریگیڈئیر (ر) بابر علاؤ الدین،سنیئر صحافی مدثر اقبال بٹ،سید ذبیب مسعود نے کہا کہ دینی تعلیمات سے روگردانی کی بناء پر ملت اسلامیہ گوناگو ں مشکلات کا شکار ہے باطل قوتیں متحد ہوکر مسلمانوں کو نیست ونابود کرنے کی راہ پر عمل پیرا ہیں مگر قیادت کے فقدان کے باعث مسلمانو پوری دنیا میں ظلم وستم کا شکار ہیں ایسے میں قرآنی تعلیمات سے روشنی حاصل کرکے اولیاء کرام کے نقش قدم پر گامزن ہونے کی ضرورت ہے۔کانفرنس سے سابق چیئرمین حاجی محمد سلیم دولہ، علامہ مظفر اقبال چشتی،طاہر رفیق منہاس،امجد محمود صدیقی،ملک محمد یوسف چاند،احمد یار وڑائچ،حافظ محمد ندیم،حاجی حبیب الرحمن،علامہ حماد الدین صدیقی،محمد ذیشان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔عرس کی اختتامی محفل میں پیر سید بشیر احمد کورشید ؒ کے فرزند صاحبزادہ سید مختار النبی مرحوم کے ختم چہلم کے سلسلہ میں خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا قرآن خوانی اور نعت خوانی کی محفل کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا۔
