وزیرآباد: انجمن بہبودی مریضاں وزیرآباد کا ماہانہ اجلاس صدر ناصر محمود اللہ والے کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مریضوں کے علاج و معالجہ، معروف مذہبی و سماجی شخصیات کے انتقال پر اظہار تعزیت اور وزیرآباد کی ضلعی حیثیت کی بحالی و فعالیت کے حوالے سے اہم قراردادیں منظور کی گئیں۔اجلاس کے آغاز میں انجمن کے صدر ناصر محمود اللہ والے نے گزشتہ ماہ کے دوران ادارے کی جانب سے کیے جانے والے فلاحی کاموں پر مفصل رپورٹ پیش کی۔ ان کے مطابق، پچھلے مہینے ڈائیلسز سینٹر میں 766 مریضوں کو مفت ڈائیلسز کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ 2210 مستحق مریضوں کو مفت ادویات مہیا کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انجمن بہبودی مریضاں اپنے مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع بھر میں مستحق مریضوں کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور خاص طور پر شعبہ ڈائیلسز میں ادارے کو منفرد مقام حاصل ہو چکا ہے۔اجلاس میں معروف مذہبی اسکالر، امیر جمیعت اہلحدیث اور سابق سینیٹر پروفیسر علامہ ساجد میر کے انتقال پر ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر معروف عالم دین پروفیسر ابراہیم محمدی نے ان کی علمی، دینی و سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اتحاد امت کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس میں اے ایم ایس ڈاکٹر آمنہ، افتخار حسین صدیقی،طاہر رفیق منہاس،حاجی حبیب الرحمن محمد اکبر بٹ،محمد یونس جمال،عبد الرحمن چوہدری،محمد اشرف نثار،محمد الیاس مہر،خالد محمود اللہ والے،محمد اسلم جتالہ ودیگر بھی موجود تھے۔اجلاس میں مقامی صنعتکار زاہد رفیق منہاس اور طاہر رفیق منہاس کی والدہ، پیر مقصود بھٹی، راحیل ہاشمی کی والدہ، شیخ عثمان کے والد،کاموں قصائی کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی۔ اس کے علاوہ معروف تعلیم دان سر عبدالقادر کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جو اس وقت علیل ہیں۔اجلاس کا ایک اہم پہلو ضلع وزیرآباد کی ضلعی حیثیت کے تحفظ اور اسے فعال بنانے کے لیے پیش کی گئی قرارداد تھی یہ قرارداد جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر صابر حسین بٹ نے پیش کی جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قرارداد میں حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ضلعی ڈھانچے کو فوری فعال کرے اور وزیرآباد میں ضلعی دفاتر کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائے۔اجلاس کا اختتام پروفیسر ابراہیم محمدی نے امہ کے اتفاق و اتحاد،غزہ کے مظلومین کی نصرت و فتح یابی اور ارض پاک کی سرحدوں کی محافظ مسلح افواج کی سلامتی کے لیے دعا کے ساتھ کیا۔
