وزیرآباد: افواجِ پاکستان کی جانب سے حالیہ بھارتی و اسرائیلی گٹھ جوڑ کو دیئے گئے منہ توڑ جواب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شیعہ علماء کونسل ضلع وزیرآباد کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز جامع مسجد شیعہ اثناء عشریہ، محلہ شاہ صدق سے بعد از نماز جمعہ کیا گیا، جو پرانی سبز منڈی، میں بازار سے ہوتی ہوئی صلاح الدین چٹھہ اوور ہیڈ برج کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ ظہیر ذیشان جعفری نے کہا کہ”افواجِ پاکستان نے جس پروفیشنل ازم، حکمتِ عملی اور جرات مندی کے ساتھ بھارت اور اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ بھارت کی چوہدراہٹ کے خواب افواجِ پاکستان نے چکنا چور کر دیے، اور دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ریلی میں حاجی منظر عباس تحصیل صدر شیعہ علماء کونسل ،احمد علی چیمہ سینئر راہنما ،سید عارف شاہ ،جری حیدر شاہ ،رانا ناظم علی ،عابد حسین گکھڑ،،زمان حسینی بھی شریک تھے اس موقع پر ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل علامہ ولادت علی رضوی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے اپنی دانشمندانہ حکمتِ عملی اور آپریشن بیان مرصوص کے تحت نہ صرف دشمن کی پیش قدمی کو روکا، بلکہ اسے عالمی سطح پر رسوا کر دیا۔ اس آپریشن نے دشمن کے جنگی سازوسامان اور یورپی ٹیکنالوجی کی برتری کا بھرم بھی توڑ کر رکھ دیا۔ اب دنیا پاکستانی حکمتِ عملی کو رول ماڈل کے طور پر اپنانے پر مجبور ہو چکی ہے۔اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے ڈویژنل صدر علامہ اسد عباس اسدی نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کے سربراہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ”افواجِ پاکستان کی جرات مندانہ اور بروقت کارروائی نے نہ صرف پاکستان کی سالمیت کا دفاع کیا بلکہ دشمنوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کر دیا۔”ریلی میں سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔شیعہ علماء کونسل کی یہ ریلی قوم کے عزم، اتحاد اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظہر بنی۔ ریلی کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
