وزیرآباد:(ملک سکندر)ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) ہر سال 17 مئی کو ”ورلڈ ہائی بلڈ پریشر ڈے” مناتی ہے تاکہ ہائی بلڈ پریشر (ہائپرٹینشن) کے خطرات، اس کی تشخیص اور مؤثر کنٹرول کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔ اس دن کا مقصد عوام کو اس ”خاموش قاتل” کے بارے میں آگاہ کرنا ہے جو اکثر بغیر علامات کے دل، دماغ، گردوں اور دیگر اعضاء کو نقصان پہنچاتا ہے۔ڈبلیو ایچ او کی 2023 کی رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں ہائپرٹینشن کے مریضوں کی تعداد 1990 میں 65 کروڑ سے بڑھ کر 2019 میں 1.3 ارب ہو چکی ہے، اور ہر سال تقریباً 10.8 ملین اموات اس سے منسلک ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ تقریباً 80% مریضوں کو مناسب علاج نہیں ملتا، اور 50% کو اپنی بیماری کا علم ہی نہیں ہوتا۔پاکستان کے معروف معالج اور فزیشن، ڈاکٹر نعمان رفی راجپوت کے مطابق ہائپرٹینشن کی بروقت تشخیص اور علاج سے دل کے دورے، فالج اور گردوں کی ناکامی جیسے مہلک نتائج سے بچا جا سکتا ہے۔ نوجوانوں میں بھی یہ بیماری تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کی بڑی وجہ تناؤ، ناقص خوراک، تمباکو نوشی اور جسمانی سرگرمی کی کمی ہے۔ڈاکٹر راجپوت ہائپرٹینشن سے بچاؤ کے لیے درج ذیل اقدامات تجویز کرتے ہیں،روزانہ 30 منٹ کی معتدل ورزش جیسے تیز چہل قدمی۔نمک اور چکنائی والی خوراک سے پرہیز،تمباکو نوشی اور الکحل سے اجتناب،ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مراقبہ یا یوگا،بلڈ پریشر کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور ڈاکٹر سے مشورہ،ڈاکٹر راجپوت کا کہنا ہے کہ اگر ہم اپنی طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لائیں تو ہائپرٹینشن کو نہ صرف روکا جا سکتا ہے بلکہ اس کے مہلک اثرات سے بھی بچا جا سکتا ہے۔لہذاہ ورلڈ ہائپرٹینشن ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ صحت مند زندگی کے لیے بلڈ پریشر کی نگرانی اور کنٹرول ضروری ہے۔ (فوٹو ہمراہ ہے)
