پی ٹی سی ایل کی من مانیاں

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی) پی ٹی سی ایل کی من مانیاں، مہنگائی سے ستائے شہریوں کو ایک دھچکا،پی ٹی سی ایل نے فون لائن اور انٹر نیٹ کے چارجز بڑھا دیئے، صارفین مہنگائی کی چکی میں پسنے پر مجبور، پی ٹی سی ایل بل صارفین کی جیبوں پر بھاری پڑنے لگے۔شہریوں کا ارباب اختیار سے اصلاح و احوال کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل کی جانب سے صارفین کے بلوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جو کہ صارفین کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی سروس ناقص ہونے کے باوجود بلوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے، اسی وجہ سے بیشتر صارفین نے پی ٹی سی ایل کنکشن منقطع کروانے شروع کر رکھے ہیں، معمولی بارش سے ڈی ایس ایل سروس منقطع ہو جاتی ہے، شکایات کے باوجود محکمہ کے ملازمین کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی جبکہ ہر ماہ ہزاروں روپے بل بھجوا دیئے جاتے ہیں۔صارفین کا مزید کہنا ہے کہ محکمہ ٹیلی فون بہتر سروس مہیا کرنے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن ڈی ایس ایل سروس نہ ہونے کے برابر ہے اور اب اوپر سے بلوں میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے، صارفین کی جانب سے یہ بات زور دے کر کہی جارہی ہے کہ پی ٹی سی ایل معیاری سروس کا دعوی درست ثابت کر کے دکھائے اورصارفین کے بلوں میں بلا اجازت اضافے کو فوری ختم کیا جائے اگر پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے بلا وجہ عائد کئے گئے ٹیکسز ختم نہ کئے تو شہری مجبوراً سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سمیت دیگر آپشنز پر بھی غور کریں جس میں احتجاجاً پی ٹی سی ایل کے کنکشن منقطع کروانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں